پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیمان اریب حیدرآبادی کی غزلیں — Sulaiman Areeb Haidarabadi Ghazals

سلیمان اریب حیدرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرا سایہ ہے مرے ساتھ جہاں جاؤں میں (غزل)

میرا سایہ ہے مرے ساتھ جہاں جاؤں میں

بے بسی تو ہی بتا خود کو کہاں پاؤں میں

بے گھری مجھ سے پتہ پوچھ رہی ہے میرا

در بدر پوچھتا پھرتا ہوں کہاں جاؤں میں

زخم کی بات بھی ہوتی تو کوئی بات نہ تھی

دل نہیں پھول کہ ہر شخص کو دکھلاؤں میں

زندگی کون سے ناکردہ گنہ کی ہے سزا

خود نہیں جانتا کیا اوروں کو بتلاؤں میں

ایک حمام میں تبدیل ہوئی ہے دنیا

سب ہی ننگے ہیں کسے دیکھ کے شرماؤں میں

بھیس کیا کیا نہ زمانے میں بنائے ہم نے (غزل)

بھیس کیا کیا نہ زمانے میں بنائے ہم نے

ایک چہرے پہ کئی چہرے لگائے ہم نے

اس تمنا میں کہ اس راہ سے تو گزرے گا

دیپ ہر راہ میں ہر رات جلائے ہم نے

دل سے نکلی نہ خراش غم ایام کی دھوپ

تیرے ناخن سے کئی چاند بنائے ہم نے

دامن یار نے حق اپنا جتایا نہ کبھی

اشک امڈے بھی تو پلکوں میں چھپائے ہم نے

خود ہوئے غرق زمانے کو بھی غرقاب کیا

ایک آنسو سے وہ طوفان اٹھائے ہم نے

تیرے پہلو سے بھی پہنچے نہ ترے پہلو تک

فاصلے قرب کے گو لاکھ گھٹائے ہم نے

چہرے کتبے سہی کتبوں کی عبارت پہ نہ جا

ابھی لفظوں سے کہاں پردے اٹھائے ہم نے

شعر کہنے سے نہ محبوب نہ دنیا ہی ملی

عمر بھر شعر کہے شعر سنائے ہم نے

تم کس سے ملنے آئے ہو (نظم)

تم کس سے ملنے آئے ہو

کس چہرے سے کام ہے تم کو

کن آنکھوں سے بات کرو گے

تم جو چہرہ دیکھ رہے ہو

اس میں ہیں کتنے ہی چہرے

جن کو لگائے میں پھرتا ہوں

تم کس سے ملنا چاہوگے

اس شاعر سے جس کو تم نے

دیکھا ہے اسٹیج پہ اکثر

سب کو بھولے خود کو بھلائے

بدمستوں کا بھیس بنائے

جس نے فلک پر حکم چلائے

سنگ ملامت جس پر آئے

محفل کی محفل جھوم اٹھی

جس نے ایسے شعر سنائے

اس لمبے گورے چہرے سے

جس پر آگ کے پھول کھلے ہیں

جو اک سیدھے قدم کو سنبھالے

دل میں سیکڑوں زخم چھپائے

اپنی انا کی لاش اٹھائے

کم ظرفوں کی اس دنیا میں

کتنے یگوں سے سرگرداں ہے

اس انساں سے جس کے اندر

ایک قاتل زانی سارق کے

تینوں چہرے ایک ہوئے ہیں

لیکن اس کے ہاتھ بندھے ہیں

پیروں میں زنجیریں پڑی ہیں

اور وہ قاتل اب بزدل ہے

اور وہ زانی اب شوہر ہے

اور وہ سارق اب منصف ہے

میں خود اپنے آپ سے مل کر

پہروں سوچ میں پڑ جاتا ہوں

کس چہرے سے بات کروں