پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیمان احمد مانی کی غزلیں — Sulaiman Ahmad Mani Ghazals

سلیمان احمد مانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تجھے کیا ہوا ہے بتا اے دل نہ سکون ہے نہ قرار ہے (غزل)

تجھے کیا ہوا ہے بتا اے دل نہ سکون ہے نہ قرار ہے

کبھی اس حسین کی چاہ ہے کبھی اس نگار سے پیار ہے

جو سمجھ میں آئے وہ بات کیا یہ معاملات ہیں عشق کے

کہ نقاب رخ پہ رہے مگر ہے یقین یہ وہی یار ہے

یہ ہیں اپنے ذہن کے عکس سب یہاں اصل کیا ہے خیال کیا

یہ خزاں کے رنگ ہیں بے خبر تو سمجھ رہا ہے بہار ہے

وہ بھلا سا نام تھا کیا کہوں مجھے خود بھی یاد نہیں رہا

مری زندگی کے قریب میں وہ جو ایک مشت غبار ہے

سفر تلاش سکون میں بڑھے اور درد کے سلسلے

مجھے منزلوں کی خبر نہیں یہاں صرف دشت ہیں خار ہے

مجھے درد ایسا ہے چارہ گر یہی پوچھ بس کے کہاں نہیں

یہ یہاں وہاں کا سوال کیا کہ جگر میں میرے شرار ہے

تو ہے غرق دہر میں سر تلک ہے یہیں کے سود کی فکر بس

ترا زہد کیسا عجیب ہے کہ فقط شراب سے عار ہے

اک ترا درد ہے تنہائی ہے رسوائی ہے (غزل)

اک ترا درد ہے تنہائی ہے رسوائی ہے

تین لفظوں میں مری زیست سمٹ آئی ہے

زندگی الجھے ہوئے خواب کا ابہام کبھی

کبھی اس شوخ کی اٹھتی ہوئی انگڑائی ہے

کتنے پیچیدہ ہیں جذبات غزل کیا کہیے

خامہ حیران ادھر سلب یہ گویائی ہے

ہو وہ پھولوں کا تبسم کہ غزالوں کا خرام

جو ادا آئی ہے تجھ میں وہ نکھر آئی ہے

سرد سی عقل کے ہم راہ رواں ہیں مانیؔ

تابش عشق میسر میسر ہی نہیں آئی ہے

مزید غزلیں از سلیمان احمد مانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں