پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سلیمان آصف کی غزلیں — Sulaiman Aasif Ghazals

سلیمان آصف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وفا کا امتحاں ہے جان و تن کی آزمائش ہے (غزل)

وفا کا امتحاں ہے جان و تن کی آزمائش ہے

خدا رکھے خودی کے بانکپن کی آزمائش ہے

بہ طرز نو سجائی جا رہی ہے بزم پرویزی

بہ انداز دگر پھر کوہ کن کی آزمائش ہے

لب جو ساقیا یوں ہی مسلسل دور پیمانہ

کہ زور گردش چرخ کہن کی آزمائش ہے

خزاں کا ذکر کیا وہ دور تھا نا ساز گاری کا

بہار آئی ہے اب اہل چمن کی آزمائش ہے

مری دیوانگی کا امتحاں اک بات ہے ورنہ

حقیقت میں ترے دار و رسن کی آزمائش ہے

طواف کرمک ناداں کا چکر ختم ہے آصفؔ

بس اب ظرف چراغ انجمن کی آزمائش ہے

ننگ احساس ہے اندوہ غریب الوطنی (غزل)

ننگ احساس ہے اندوہ غریب الوطنی

کم نہیں گرد رہ شوق کی سایہ فگنی

آدمی ہوتا ہے خود اپنے ہی تیشے کا شکار

کوئی آسان نہیں مشغلۂ کوہ کنی

پرتو رخ سے ترے کس کو نہیں حیرانی

اشک آئینہ ہوئی ہے تری سیمیں بدنی

سنبلستاں ہیں ترے گیسوئے پر خم کے اسیر

حسن قامت ہے ترا نازش سرو چمنی

اپنے جامے میں سماتی نہیں پھولوں کی بہار

دل میں کانٹوں کے کھٹکتی ہے یہ گل پیرہنی

دیکھ میری نگہ شوق کی منظر تابی

محو حیرت ہے ترے حسن کی آئینہ تنی

کیا کوئی گوش بر آواز ہوا ہے آصفؔ

لب کشائی پہ ہے مجبور مری کم سخنی

مزید غزلیں از سلیمان آصف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں