پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سجیت سہگل حاصل کی غزلیں — Sujit Sahgal Haasil Ghazals

سجیت سہگل حاصل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دیکھ تیری صحبتوں کا کیا اثر آیا ہے آج (غزل)

دیکھ تیری صحبتوں کا کیا اثر آیا ہے آج

ایک آوارہ پرندہ پھر سے گھر آیا ہے آج

تیری فرقت میں بھی قربت اس طرح محسوس کی

چاند میں چہرہ ترا مجھ کو نظر آیا ہے آج

زندگی میں کھوئے دیکھے سب یقیں جاتا رہا

تو ملا تو پھر یقیں اک لوٹ کر آیا ہے آج

آ کے تم نے سچ یہ ہے قسمت مری دی ہے سنوار

یا ترس مالک کو مجھ پر اس قدر آیا ہے آج

تیری باتوں میں یقیں میں ایسی سچائی ملی

دل میں جینے کا ارادہ پھر ابھر آیا ہے آج

لوگ کہتے ہیں مری آنکھوں میں ہے اب روشنی

عکس تیرا ہی انہیں بے شک نظر آیا ہے آج

دی معافی جا تجھے تو بھی کرے گا یاد کیا

لے کے تیرا خط وہ قاصد قبر پر آیا ہے آج

عشق بھی اس کو نہ سمجھوں تو بتا تو کس لئے

دل میں حاصل کے خدا بن کر اتر آیا ہے آج

کل تک جو کچھ نہ تھا مرا ایمان ہو گیا (غزل)

کل تک جو کچھ نہ تھا مرا ایمان ہو گیا

اک عام آدمی سے میں انسان ہو گیا

دیکھے تھے خواب میں نے بہت زندگی کے دوست

کیا گھر اسی لئے مرا سنسان ہو گیا

خود کو بھی بھول بیٹھا تھا میں تیرے واسطے

تو اور کیوں کسی کی یہاں جان ہو گیا

ملنے کی چاہ مل کے بڑھی تجھ سے اور بھی

پورا اگرچہ دل کا یہ ارمان ہو گیا

تو عمر بھر نہ ساتھ دے چشم کرم ہی کر

مانیں گے یہ بھی اک ترا احسان ہو گیا

کل تک جو مجھ پہ جان چھڑکتا تھا آج کیوں

دکھ درد سے بھی میرے وہ انجان ہو گیا

صدیوں کے بعد لوٹ کے آیا تھا کیسے پر

رسم زمانہ دیکھ کے حیران ہو گیا

تھا خوش مزاج بھی نئے جذبے کے ساتھ جو

دو چار گام چل کے وہ بے جان ہو گیا

چھپوا کے چند غزلیں ہی کہتا پھرے ہے وہ

لو آج میں بھی صاحب دیوان ہو گیا

شاگرد کامیاب تو استاد کامیاب

ہے فکر مجھ کو وہ مری پہچان ہو گیا

حاصلؔ تجھے تو فکر تھا خود پر بہت کبھی

تو کیوں کسی کے کھیل کا سامان ہو گیا

مزید غزلیں از سجیت سہگل حاصل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں