سہیل واسطی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رہ ہستی میں اک ایسا بھی مقام آتا ہے (غزل)
رہ ہستی میں اک ایسا بھی مقام آتا ہے
بے ارادہ ہی زباں پر کوئی نام آتا ہے
دل سمجھ کر میں اٹھا لیتا ہوں ریزہ ریزہ
ٹوٹ جاتا ہے جو ساغر مرے کام آتا ہے
روز کچھ شغل نکل آتا ہے دیوانے کا
روز کچھ کوئے ملامت سے پیام آتا ہے
پا بہ زنجیر سہی آبلہ پائی کا جنوں
ہر نفس تذکرۂ منزل و گام آتا ہے
فاش جب ہوتا ہے راز ہنر صیادی
اک نیا سلسلۂ دانہ و دام آتا ہے
دل مچل جاتا ہے اک شاہد محمل کے لیے
حسن بے باک تو اکثر لب بام آتا ہے
بھونکتے ہیں جو کتے (نظم)
بھونکتے ہیں جو کتے
ان کے سامنے کوئی
ڈال دے اگر ہڈی
جانتے ہیں کیا ہوگا
یک نگاہ و یک آہنگ
استخواں پہ جھپٹیں گے
اور لوگ دیکھیں گے
اتحاد باہم کا
زہر پاش نظارہ
دل خراش نظارہ
ایک ان کی غراہٹ
ایک پینترا ان کا
ایک بھونکنا ان کا
ایک کاوش پیہم
رات کی خموشی میں
جھلملائیں گے تارے
سوئیں گے تھکے ہارے
اک سکون کا عالم
لڑ پڑیں گے یہ کتے
اور نیند اڑا دیں گے
بلبلائیں گے بچے
تھپتھپائیں گی مائیں
باپ بھائی جاگیں گے
کوئی آدمی آخر
گھر سے آئے گا باہر
ہاتھ میں عصا لے کر
دم دبا کے بھاگیں گے
یہ سکون کے دشمن
دوستان اہریمن