سلیمان جاذب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہونٹوں پہ جو تیرے ہے یہ مسکان مری جان (غزل)
ہونٹوں پہ جو تیرے ہے یہ مسکان مری جان
لے جائے گی اک روز مری جان مری جان
سب ہوش گنوا بیٹھے ترے چاہنے والے
اس بات پہ ہونا نہیں حیران مری جان
اپنوں سے کبھی ترک تعلق نہیں کرتے
اپنوں کو نہیں کرتے پریشان مری جان
اس ہنسنے ہنسانے سے نہیں جائے گا کچھ بھی
اس میں تو نہیں کوئی بھی نقصان مری جان
چہرے پہ جمی دھول سے کیوں بھول رہا ہے
جاذبؔ ہوں میں جاذبؔ مجھے پہچان مری جان
الوداع اس طرح کہا میں نے (غزل)
الوداع اس طرح کہا میں نے
خود سے خود کو جدا کیا میں نے
ماننا دل کا فیصلہ ہے اب
کر لیا ہے یہ فیصلہ میں نے
مشکلوں سے جسے قریب کیا
عجلتوں میں گنوا دیا میں نے
اتنے نزدیک سے اسے دیکھا
درمیاں رکھ کے فاصلہ میں نے
ایک چپ کام کر گئی جاذبؔ
جیسے سب کچھ ہی کہہ دیا میں نے
سنو اے دیس کے لوگو (نظم)
سنو اے دیس کے لوگو
کہ یہ جو عید کا دن ہے
اگر پردیس میں آئے
نہ خوشیاں پاس ہوتی ہیں
نہ کوئی مسکراتا ہے
خوشی غم سے لپٹتی ہے
اداسی مسکراتی ہے
تمہاری یاد آتی ہے
ہمیں پھر یاد آتی ہیں
سہانے دیس کی یادیں
وہ بچپن اور جوانی کے سہانے دن
نہ پوچھو کس طرح سے ہم
گھروں کی بات کرتے اور پھر آنسو چھپاتے ہیں
بجھے دل مسکراتے ہیں
ہمیں شدت سے اپنا دور بچپن یاد آتا ہے
ہمیں ماؤں کی میٹھی میٹھی ممتا یاد آتی ہے
ہنساتی ہے رلاتی ہے
تسلی کے لیے ہم ایک دوجے سے یہ کہتے ہیں
دنوں کی بات ہے ہم بھی وطن کو لوٹ جائیں گے
یقیناً عید اگلی اپنے اپنے گھر منائیں گے
اگر سچ بات پوچھو تو
گھروں کو
یاد کرنے سے
کوئی فریاد کرنے سے
تھکن سے چور ہونے سے
بہت مجبور ہونے سے
کسی کو کچھ نہیں ملتا
کوئی در بھی نہیں کھلتا