سہیل نقش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ کہہ رہے ہیں کہ اونچی اڑان بند کریں (غزل)
وہ کہہ رہے ہیں کہ اونچی اڑان بند کریں
کہاں کہاں پہ ہم اپنی زبان بند کریں
وہ آئنوں کے خریدار بن کے آئے ہیں
ہمیں ہے حکم کہ اپنی دکان بند کریں
یہاں لگان وصولی بھی اب شریعت ہے
یہ مرنے جینے کی باتیں کسان بند کریں
وہ ایک شور جو ہر پل سنائی دیتا ہے
تمہی بتاؤ کہ ہم اپنے کان بند کریں
ہمیں خبر ہے یہ کشتی ابھر نہ پائے گی
حضور آپ یہ جھوٹے بیان بند کریں
شکار ڈھونڈنا اب ان کے بس کی بات نہیں
سہیلؔ ان سے یہ کہہ دو مچان بند کریں
کب تلک تم نئی پرواز کے پر تولو گے (غزل)
کب تلک تم نئی پرواز کے پر تولو گے
پر ترشواؤ گے تب اپنا قفس کھولو گے
عشق والوں کو کہاں چین کی نیند آتی ہے
اس جوانی میں بھی آرام سے تم سو لو گے
جب کبھی یاد ستائے گی ہماری تم کو
پیڑ کے سائے میں پھر بیٹھ کے تم رو لو گے
محترم ہونے کی خواہش تمہیں لے ڈوبے گی
حاجی کہلاؤ گے زمزم سے کفن دھو لو گے
مزید غزلیں از سہیل نقش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں