پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سہیل کاکوروی کی غزلیں — Suhail Kakorvi Ghazals

سہیل کاکوروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تھی حقیقت کہ وہ تھا خواب اسے جانے دو (غزل)

تھی حقیقت کہ وہ تھا خواب اسے جانے دو

چاند نکلے تھے مقابل مرے سرہانے دو

عقل اور دل ہوئے یکجا یہ تماشا تھا عجب

ایک مقصد تھا نظر آئے تھے بیگانے دو

ایک پر اس کا تھا سر دوسرے پر غیر کا تھا

یہ تو اچھا ہوا تھے پاس مرے شانے دو

پاسباں ہٹ گئے قسمت نے میرا ساتھ دیا

اس نے جب کہہ دیا اس کو مرے پاس آنے دو

شوق کا داؤ ہر اک ٹھیک پڑا دل کی سنی

دل نے سمجھایا وہ شرماتا ہے شرمانے دو

تم ہو محروم تو تم صبر ہی پا جاؤ سہیلؔ

جس نے پائی ہے محبت اسے تم پانے دو

بے چین وہ رہتا ہے مرے پاس سے جا کے (غزل)

بے چین وہ رہتا ہے مرے پاس سے جا کے

دیکھا ہے کئی بار مجھے اس نے بھلا کے

آنے سے ترے رنگ بدل دے گی تمنا

الفاظ بدل جائیں گے اے دوست دعا کے

یہ برق یہ گل اور چمکتے ہوئے تارے

سب جلوے ہیں یہ آپ کے ہنسنے کی ادا کے

میں نے بھی بتایا کہ مرا حوصلہ کیا ہے

تیور تو بہت تیز تھے طوفان بلا کے

ظاہر ہوئے جب راز محبت تو خلش کیا

جاتا ہے تو جائے کوئی دامن کو چھڑا کے

ہم قوت پرواز میں ثانی نہیں رکھتے

توڑے ہیں جو در بند تھے ہم نے ہی خلا کے

یہ مان لیا ہم تو ہیں ناکام محبت

تم اور کسی سے بھی دکھاؤ تو نبھا کے

بے باک نگاہوں میں مری ایسی کشش تھی

وہ بھول گئے آج تو انداز حیا کے

ان آنکھوں میں آنسو تھے مرا حال جو دیکھا

منزل نے قدم چوم لیے آبلہ پا کے

وہ روز سہیلؔ ایک نئی چھیڑ کرے ہے

وہ یوں ہی بگاڑے گا مری بات بنا کے

ارمان زمیں کے جاگ اٹھے دل دار یہ پہلی بارش ہے (نظم)

ارمان زمیں کے جاگ اٹھے دل دار یہ پہلی بارش ہے

کل سوچ رہا تھا سارا جہاں دشوار یہ پہلی بارش ہے

رنجش جو ہمارے بیچ رہی تو آگ فلک نے برسائی

اب سوچ نہ کچھ موسم کو سمجھ اے یار یہ پہلی بارش ہے

فطرت میں نظر آتے ہیں ہمیں اپنی ہی محبت کے پہلو

انکار تھا گرمی کا عالم اقرار یہ پہلی بارش ہے

احساس جدائی دونوں طرف آنکھوں سے میری آنسو ہیں رواں

اس پار نہ جانے کیسا سماں اس پار یہ پہلی بارش ہے

غنچوں پہ عجب شادابی ہے اور جاگ اٹھی ہے ہریالی

تمہید بہار تازہ کا دیدار یہ پہلی بارش ہے

تو اور کہیں میں اور کہیں آغوش تمنا سونی ہے

ایسا تو کبھی پہلے نہ ہوا اس بار یہ پہلی بارش ہے

وہ رحم و کرم ہے بالآخر مجھ کو تو سہیلؔ اس پر ہے یقیں

بس اس کی عنایت کا یاروں اظہار یہ پہلی بارش ہے

مزید غزلیں از سہیل کاکوروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں