پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سہیل فاروقی کی غزلیں — Suhail Farooqi Ghazals

سہیل فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو ناروا ہے روا ہو گیا تو کیا ہوگا (غزل)

جو ناروا ہے روا ہو گیا تو کیا ہوگا

زمانہ اور برا ہو گیا تو کیا ہوگا

چلا ہے میری قیادت میں قافلہ غم کا

جو میں ہی آبلہ پا ہو گیا تو کیا ہوگا

یہ سوچتا ہوں کہ دنیا میں میرا سایا بھی

جو میرے ساتھ بڑا ہو گیا تو کیا ہوگا

عدالتوں میں طرف داریوں کا دور ہے یاں

مرا گواہ ترا ہو گیا تو کیا ہوگا

جسے سنبھال کے رکھا ہے ہم نے دل میں سہیلؔ

وہ زخم پھر سے ہرا ہو گیا تو کیا ہوگا

عجیب روگ لگایا ہے جان کے پیچھے (غزل)

عجیب روگ لگایا ہے جان کے پیچھے

پڑا ہوا ہوں اسی بد گمان کے پیچھے

فضول کرتی ہیں سورج سے بے رخی کا گلہ

وہ کھولیاں جو ہیں اونچے مکان کے پیچھے

خود اپنے چاک گریباں کو دیکھتا ہی نہیں

وہ کیسا ملک ہے ہندوستان کے پیچھے

بہا کے لے گئی اپنی قیام گاہ کہاں

جو اک ندی تھی ہمارے مکان کے پیچھے

نظر سے اہل نظر کی چھپی نہیں ہیں سہیلؔ

جو پستیاں ہیں امیروں کی شان کے پیچھے

مزید غزلیں از سہیل فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں