سہیل امجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی دولت کا پجاری ہو کوئی تدبیر کا (غزل)
کوئی دولت کا پجاری ہو کوئی تدبیر کا
وار چل جاتا ہے ہر اک شخص پر تقدیر کا
اک نیا غم روز ملتا ہے پرانے غم کے ساتھ
سلسلہ ٹوٹے گا کب اس درد کی زنجیر کا
سازشوں کے جال ہی پھیلے ہیں ہر اک راہ میں
پیار کا رانجھا بھی خود مجرم ہے اپنی ہیر کا
دھیرے دھیرے زخم پر انگور آ ہی جائے گا
چپ ہی رہنا چاہیے کیا فائدہ تشہیر کا
سرخ آنچل میں دہکتے پھول کی صورت سہیلؔ
اب تلک آنکھوں میں نقشہ ہے اسی تصویر کا
کوئی ستم اور کوئی نہ ظلم یاد رہے گا (غزل)
کوئی ستم اور کوئی نہ ظلم یاد رہے گا
ہم کو وطن سے ہے جو محبت یاد رہے گی
جب ہم اپنی ہر شے بھولتے جاتے ہوں گے
بھولتے جانے کی یہ عادت یاد رہے گی
مسلے گئے تھے جانے کیوں امید کے پھول
پھولوں کی انمول شہادت یاد رہے گی
بھول نہ پاؤں حسن وہ چہرہ خوابوں جیسا
اس سے بچھڑ جانے کی قیامت یاد رہے گی
میں نہیں دوں گا کوئی حساب بھی روز محشر
بخشش کو درکار ہے نسبت یاد رہے گی