سہیل احمد زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سب تماشے ہو چکے اب گھر چلو (غزل)
سب تماشے ہو چکے اب گھر چلو
دیدہ و دل کھو چکے اب گھر چلو
کر چکے سیراب اشکوں سے زمیں
درد دانہ بو چکے اب گھر چلو
کر چکے ٹوپی میں جگنو کو اسیر
سانپ کا من کھو چکے اب گھر چلو
خواہشیں تھک ہار کے رخصت ہوئیں
بوجھ سارے ڈھو چکے اب گھر چلو
منتظر ہوگا کوئی دہلیز پر
اس سرا میں سو چکے اب گھر چلو
کاٹنے کو دوڑتا ہے راستہ
ہم سفر سب کھو چکے اب گھر چلو
اک نئی کروٹ بدل ڈالو سہیلؔ
سب ہی پہلو سو چکے اب گھر چلو
کچھ دفن ہے اور سانس لیے جاتا ہے (غزل)
کچھ دفن ہے اور سانس لیے جاتا ہے
اک سانپ ہے جو قلب میں لہراتا ہے
اک گونج ہے جو خون میں چکراتی ہے
اک راز ہے پر پیچ ہوا جاتا ہے
اک شور ہے جو کچھ نہیں سننے دیتا
اک گھر تھا جو بازار ہوا جاتا ہے
اک نرم کلی ہے جو کھلی پڑتی ہے
اک دشت بلا ہے کہ جلا جاتا ہے
اک خوف ہے جو کچھ نہیں کرنے دیتا
اک خواب ہے جو نیند میں تڑپاتا ہے
دو پاؤں ہیں جو ہار کے رک جاتے ہیں
اک سر ہے جو دیوار سے ٹکراتا ہے