پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سہیل احمد خان کی غزلیں — Suhail Ahmad Khan Ghazals

سہیل احمد خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں اپنے ایک خواب میں گم ہو گیا تھا میں (غزل)

یوں اپنے ایک خواب میں گم ہو گیا تھا میں

نکلی ہوئی تھی دھوپ مگر سو رہا تھا میں

کوئی مقام نیند کے باغوں میں تھا کہیں

ٹھنڈی ہواؤں میں وہاں دو پل رکا تھا میں

کچھ اجنبی مکان تھے کچھ اجنبی مکیں

آنکھیں تھیں بند پھر یہ کہاں جھانکتا تھا میں

اک سمت چاندنی تھی تو اک سمت دھوپ تھی

جیسے کوئی طلسم تھا جس میں گھرا تھا میں

کر چکے نوحے بہت گزرے زمانے کے لئے (غزل)

کر چکے نوحے بہت گزرے زمانے کے لئے

کچھ نئے شہروں کے دکھ بھی ہیں سنانے کے لئے

اس طرح تیزی سے بھاگا جا رہا ہے ہر کوئی

جیسے چھپنا ہو کہیں خود کو بچانے کے لئے

ایک لمحے کے لئے بھی خود سے ہم نہ مل سکے

زندگی تھی شہر والوں کو دکھانے کے لئے

تھی خبر سستی ملے گی آج نفرت اس جگہ

خلق ٹوٹی ہے مقدر آزمانے کے لئے

کون سنتا تھا نگر کے شور میں دھیمی صدا

دل سے اٹھتی تھیں نوائیں ڈوب جانے کے لئے

بہت دن ہوئے (نظم)

بہت دن ہوئے

ایک تالاب کے پاس میں نے پرندوں کو دیکھا

فلک پر بھٹکتے ہوئے چند بادل تھے

اور صبح کی دھوپ میں ہلکی ہلکی سی ٹھنڈک

وہاں گہرے تالاب کے پاس اونچے درختوں کی اس اوٹ میں

دھوپ کی ٹھنڈی ٹھنڈی سی کرنوں سے لپٹے ہوئے سبز پتے

درختوں سے تالاب میں گر رہے تھے

وہیں میں نے دیکھا کہ دنیا کے سارے پرندے

نہ جانے کہاں سے زمانوں کے پھیلے ہوئے فاصلوں سے

ابھرتے ہیں تالاب کے پاس آ کر اترتے ہیں اور بولتے ہیں

وہیں میں نے ان سب پرندوں کو اونچے درختوں پہ نیلی فضاؤں میں تالاب کے پانیوں پر کناروں پہ ہر سمت دیکھا

وہ اڑتے ہوئے ہنس گاتی ہوئی بلبلیں مور صدیوں کے قاصد کبوتر

وہ ایسے پرندے بھی جو اپنے ناموں کو بس آپ ہی جانتے ہیں

وہ نادر صدائیں کہ جیسے وہ صدیوں کے اسرار کو کھولتی ہوں

وہ چہکار جیسے وہ ان دیکھی دنیاؤں سے آ رہی ہو

پرندوں کی بولی کے اسرار کو سیکھتے دن کٹا رات گزری

بہاریں خزائیں پلٹ کر کئی بار آئیں

بہت دن ہوئے میں نے جب ان پرندوں کو دیکھا

اور اب ان کی غیبی صداؤں کے اسرار کو چار سو دیکھتا ہوں

مجھے علم ہے ہر صدا دور سے آنے والی صدا ہے

ہر اک شے میں کوئی اشارت نہاں ہے

مزید غزلیں از سہیل احمد خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں