سہیل احمد فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ دعا مانگ کہ میں رات کا چہرہ دیکھوں (غزل)
یہ دعا مانگ کہ میں رات کا چہرہ دیکھوں
آنکھ لگ جائے تو خود کو نہ اکیلا دیکھوں
تجھ کو دیوانہ بنا دے گا یہ نرگس کا چلن
خود سے باہر بھی کبھی تجھ کو نکلتا دیکھوں
اب وہ دن پھر سے نہیں لوٹ کے آنے والے
میں جدھر جاؤں ادھر چاند کو چلتا دیکھوں
لٹ چکی پاس سے اپنے تو متاع دل و جاں
زندگی اور میں کب تک ترا رستہ دیکھوں
تشنگی مجھ کو بلاتی ہے عجب حیلوں سے
پہلے صحرا کی طرف جاؤں کہ دریا دیکھوں
ایک ہی چہرہ لیے پھرتا ہوں دنیا میں سہیلؔ
اور دنیا کا تقاضہ ہے کہ دنیا دیکھوں
ہمیں پتہ نہ چلا خون کی روانی میں (غزل)
ہمیں پتہ نہ چلا خون کی روانی میں
کہ آنکھیں ڈوبنے والی ہیں کتنے پانی میں
ہمیں تو جرعۂ غم میں جو کیف ملتا ہے
نہ مل سکے گا کبھی جام ارغوانی میں
اسی نے لوٹے ہیں اس بت سے گفتگو کے مزے
سخن کی داد ملی جس کو بے زبانی میں
ابھی فراق کی منزل بھی آنے والی ہے
نہ بھول جائیں کہیں فرط شادمانی میں
تو شاہزادی پہ یوں داستاں تمام نہ کر
ابھی تو کتنے ہی کردار ہیں کہانی میں
ہوا تھا فرش پہ خورشید کوئی جلوہ فگن
مہہ و نجوم تھے ہر لمحہ پاسبانی میں
عروس فن کو سنواریں گے آپ خاک سہیلؔ
کہ ایک عمر گزاری قصیدہ خوانی میں