پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صہیب فاروقی کی غزلیں — Suhaib Farooqui Ghazals

صہیب فاروقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کسی سے پیار کر لے یا کسی سے پیار ہو جائے (غزل)

کسی سے پیار کر لے یا کسی سے پیار ہو جائے

یہی آزار ہے تو پھر مجھے آزار ہو جائے

رسیلے ہونٹ گدرایا بدن اور چشم خوابیدہ

کوئی دیکھے اسے تو بے پیے سرشار ہو جائے

یہی آزادیٔ اظہار کا مطلب ہے کیا لوگو

زباں ترشول ہو جائے قلم تلوار ہو جائے

یہی رسم محبت ہے اسی میں لطف آتا ہے

کبھی انکار ہو جائے کبھی اقرار ہو جائے

منافق کا یہی طرز عمل پہچان ہے اس کی

کبھی اس پار ہو جائے کبھی اس پار ہو جائے

تبسم اس کے ہونٹوں کا بہاروں کی امانت ہے

وہ ہنس دے تو بیاباں بھی گل و گلزار ہو جائے

میں اپنا استغاثہ لے کے جاؤں کس عدالت میں

اگر دل ہی اسیر گیسوئے خم دار ہو جائے

متاع دل کے لٹنے کا گلہ کس سے کریں جا کر

کوئی قزاق ہی جب قافلہ سالار ہو جائے

صہیبؔ اپنی دعاؤں میں یہی اک ورد کرتا ہے

جو انساں ہیں انہیں انسانیت سے پیار ہو جائے

اے دل ناداں تجھے سمجھائیں کیا (غزل)

اے دل ناداں تجھے سمجھائیں کیا

آرزوئے وصل میں مر جائیں کیا

ایک روشن دل ہمارے پاس ہے

ہم اندھیروں سے بھلا گھبرائیں کیا

جب سفر کی کوئی بھی منزل نہیں

ہم بھی خاک رہ گزر بن جائیں کیا

کیا کریں جب کھیت چڑیاں چگ گئیں

اب اگر پچھتائیں تو پچھتائیں کیا

بے وفا کو با وفا کہنے لگیں

عشق کی رسم کہن جھٹلائیں کیا

زندگی خائف ہے خود ہی موت سے

زندگی کے نام پر اترائیں کیا

تبصرے دنیا بدل سکتے نہیں

تبصرے حالات پر فرمائیں کیا

خامشی جن کا مقدر ہے صہیبؔ

ان زبانوں کی صدا بن جائیں کیا

مزید غزلیں از صہیب فاروقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں