پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سہا مجددی کی غزلیں — Suha Mujaddadi Ghazals

سہا مجددی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اٹھئے تو کہاں جائیے جو کچھ ہے یہیں ہے (غزل)

اٹھئے تو کہاں جائیے جو کچھ ہے یہیں ہے

باہر ترے گھر کے تو نہ دنیا ہے نہ دیں ہے

ہم ہیں کہ سر نقش قدم سیکڑوں سجدے

وہ ہے کہ جہاں دیکھیے بس چیں بہ جبیں ہے

صحرا میں پھراتی ہے مجھے خانہ خرابی

یہ ڈھونڈ رہا ہوں کہ مرا گھر بھی یہیں ہے

آتی نہیں نزدیک خیالوں کے یہ دنیا

وہ بزم بھی یا رب کوئی فردوس بریں ہے

تا حد تخیل فقط اک جلوہ ہے یا دل

دنیا میں ہماری نہ فلک ہے نہ زمیں ہے

جی بھر کے ذرا دیکھ تو لیں حسن کے جلوے

پھر کس کو انہیں چھوڑ کے جینے کا یقیں ہے

وہ درد دروں جسم میں یوں پھیل گیا ہے

پڑتا ہے جہاں ہاتھ سمجھتا ہوں یہیں ہے

رہتا ہوں سہاؔ اہل حرم میں بھی نمایاں

ہوتے ہیں اشارے یہ خرابات نشیں ہے

جو کچھ ہوا سو ہوا اب سوال ہی کیا ہے (غزل)

جو کچھ ہوا سو ہوا اب سوال ہی کیا ہے

بیان حال کروں مجھ میں حال ہی کیا ہے

کچھ اور چاہتی ہے ان سے شورش الفت

ہوا خیال تو ایسا خیال ہی کیا ہے

زمانہ چاہئے وہ اعتراف شوق کریں

ابھی یہ روز و شب و ماہ و سال ہی کیا ہے

کسی خیال میں بس زندگی گزر جائے

غم فراق و امید وصال ہی کیا ہے

برا کیا نہ کریں گے کبھی ستم کا گلہ

حضور دور ہی کر دیں ملال ہی کیا ہے

قرار دل کو میسر نہیں کہیں جاؤ

نظر فریبئ حسن و جمال ہی کیا ہے

وہ سامنے ہیں مگر حسن اس کو کہتے ہیں

کوئی نظر تو اٹھائے مجال ہی کیا ہے

بڑا کمال کیا بھی تو چھو لیا دامن

دراز دستئ دست سوال ہی کیا ہے

ہوئے وہ ہم سے پشیماں سہاؔ کرم ان کا

وگرنہ آرزوئے پائمال ہی کیا ہے

مزید غزلیں از سہا مجددی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں