پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صغرا ہمایوں مرزا کی غزلیں — Sughra Humaun Mirza Ghazals

صغرا ہمایوں مرزا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھ سے ملنے کے لیے ماہ وہ گھر سے نکلا (غزل)

مجھ سے ملنے کے لیے ماہ وہ گھر سے نکلا

کام میرا مری آہوں کے اثر سے نکلا

ہو گئیں مشکلیں آسان مری دم بھر میں

نیک اختر یہ مرا شمس و قمر سے نکلا

کیا وہ مطلب تھا فرشتے نہیں سمجھے جس کو

آسماں پر وہی مطلب تو بشر سے نکلا

میٹھی باتوں سے نکلتا ہے جو مقصد اپنا

وہ نہ دنیا میں کبھی لعل و گہر سے نکلا

بعد مدت کے وہ آیا جو تو یہ میں نے کہا

کس طرف سجدہ کروں چاند کدھر سے نکلا

آپ نے خاک جو چھانی ہے حیاؔ دنیا کی

فائدہ آپ کا کیا اتنے سفر سے نکلا

مسیحا آ کے بالیں پر جو رو جائے تو رو جائے (غزل)

مسیحا آ کے بالیں پر جو رو جائے تو رو جائے

نصیبہ جاگ کر اپنا جو سو جائے تو سو جائے

مجھے پروا نہ اچھے کی برائی کا نہ خطرہ ہے

مرا دل تیرے ہاتھوں سے جو کھو جائے تو کھو جائے

نہ جینے کی خوشی مجھ کو نہ مرنے کا الم کچھ ہے

جو ہونا ہے مقدر میں وہ ہو جائے تو ہو جائے

رقیب رو سیہ سے ہے عبث امید نیکی کی

کوئی کانٹا مرے حق میں جو بو جائے تو بو جائے

نہ کی کچھ قدر جیتے جی وہ پچھتاتا ہے مرنے پر

مری تربت پہ اب آ کر جو رو جائے تو رو جائے

مرے اشک ندامت سے حیاؔ مجھ کو یقیں ہے یہ

گنہ جو کچھ ہوا مجھ سے وہ دھو جائے تو دھو جائے

کوئی بھی آئے گا تربت پہ بھلا میرے بعد (نظم)

کوئی بھی آئے گا تربت پہ بھلا میرے بعد

خاک آ آ کے اڑائے گی صبا میرے بعد

جیتے جی قدر کسی نے بھی نہ جانی افسوس

یاد میں روئے گا پھر کون بھلا میرے بعد

سب یہ منہ دیکھے کی باتیں ہیں کہاں کی الفت

یاد کرنے کے نہیں اہل جفا میرے بعد

قوم نے قدر نہ کی رہ گئی حسرت دل میں

میری تربت سے یہ آئے گی صدا میرے بعد

فاتحہ پڑھنے کو آیا تو بہت رو رو کر

بخش دے اس کو خدا اس نے کہا میرے بعد

زندگی میں تو صلہ میں نے نہ پایا ہرگز

کام سب میرے ہوں مقبول خدا میرے بعد

یہ وصیت ہے کہ جس کو ہے محبت مجھ سے

پھول تربت پہ چڑھا جائے ذرا میرے بعد

پوچھتی تم سے حیا ہے یہ بتا دو مجھ کو

اب نہیں آتے ہو پھر آؤ گے کیا میرے بعد

مزید غزلیں از صغرا ہمایوں مرزا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں