صغریٰ عالم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دید کا اصرار موسیٰ لن ترانی کوہ طور (غزل)
دید کا اصرار موسیٰ لن ترانی کوہ طور
ہم نے آنکھیں بند کیں اور آ گئے تیرے حضور
اب حنائی دست کی ہوں گی اجارہ داریاں
آنکھ میں شبنم جبیں کے نور میں رنگ شعور
بات کرنا موسم برسات کی پہلی جھڑی
مسکرا کے دیکھنا قوس قزح کا ہے ظہور
پھول بستی میں چلیں ہمجولیوں کا ساتھ ہے
شہروں شہروں بڑھ گیا ہے سنگ زادوں کا فتور
پیش خدمت ہے یہ اپنی بات اپنا ادعا
دیکھنا حرف سخن پر کس کو حاصل ہے فتور
حیرت ناز بڑی دیر سے حیراں جانم (غزل)
حیرت ناز بڑی دیر سے حیراں جانم
بعد مدت جو ملی ساعت امکاں جانم
ہیں بہت آج بھی تزئین کے ساماں جانم
موتیاں اور صدف تار گریباں جانم
ان ہی یادوں میں ہے تفسیر بہاراں جانم
باندھ رکھیو یہ ہیں اوراق گلستاں جانم
جس سے تنہائی کی تہذیب سنور جاتی ہے
تم ہی بتلاؤ مرے قرب کا عنواں جانم
کوئی تو پاس ہوا کرتا ہے اپنوں کی طرح
رات جب درد سے ملتی ہے مری جاں جانم
خون حسرت میں ڈبویا ہے قلم کو میں نے
اب تو کٹ جائیں گے لمحات پریشاں جانم
روز کھلتے ہیں کسی وعدۂ جاناں کے بغیر
پھول موسم سے نہیں کرتے ہیں پیماں جانم
ہم نے گرداب کی پازیب بنا ڈالی ہے
ہاتھ کنگن میں سجی گردش دوراں جانم
خوش گماں لفظ میں خوشبو ہے ترے پیکر کی
کتنا پر کیف ترے خط کا ہے احساں جانم
مصحف نور نظر آئی تری پاک جبیں
تیرا چہرہ بھی تو ہے رشک گلستاں جانم
خیال آتا ہے جمہوریت کے خوابوں کا (نظم)
خیال آتا ہے جمہوریت کے خوابوں کا
سنہری خواب
جو نیندوں کو تازگی بخشیں
یقیں کے نور سے تعبیر جن کی مل جائے
کہ آدھی رات کو کوئی نہ اٹھ کے گھبرائے
کھلی سڑک پہ یہ آدم گزیدہ لوگ نہ ہوں
کسی بھی سمت سے ابھرے نہ تیرگی کوئی
حیات و موت میں پیہم نہ کشمکش ہو کوئی
خیال آتا ہے
بچھائیں دور تلک زیست کے اجالوں کو
ہنسی کے پھول کھلائیں
کہ زندگی کی نزاکت ہو تتلیوں میں جہاں
جنہیں پکڑنے یہ بچے بھی دوڑتے ہوں گے
چمن چمن میں بہاروں میں گلعدزاروں میں
بچھائے کوئی نہ بارود سبزہ زاروں میں
کہ ساری تتلیاں ہجرت ہی کر نہ جائیں کہیں
بجائے ان کے
یہ دہشت نہ پھیلنے پائے
ہنسی جھلسنے نہ پائے نہ روشنی جائے
مٹھاس دودھ کی ہونٹوں کے نرم گوشوں میں
خوشی کھلائے خدائی بھی ماں کے آنچل میں
ہنسی کلی میں ہو تو گفتگو ہو پھولوں میں
بھٹک نہ جائیں یہ سانسیں بقا کی راہوں میں
یہاں نہ موت کا سایا ہو سائبانوں میں
ہر ایک گھر میں سکوں ہو سکون پیہم ہو
مکین خوش ہوں مکانوں میں پھول آنگن میں
کہ زیست پانے میں دل کو خوشی میسر ہو
پناہ سب کو ملے گی حصار شہر میں اب
گلی گلی میں محبت کی بولیاں ہوں گی
ہر ایک موڑ پہ چاہت کے مورچے ہوں گے
مٹھاس شہد کی ہوگی ہر ایک صحبت میں
یہ شہر میرا کبھی شہر دوستاں ہوتا
یقیں کے نام سے اٹھتے
سحر جو ہوتی سحر
ہر ایک سانس میں
نغموں کا ہی گماں ہوتا
غروب ہوتے ہی دن کی بھی اک دعا ہوگی
خدا کرے کہ مرے شہر کے خداؤں کو
سلامتی کا کوئی اسم یاد آ جائے