پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سفیان صوفی کی غزلیں — Sufyan Sufi Ghazals

سفیان صوفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جسم کیا ہے کچھ نہیں ہے ایک گھر مٹی کا ہے (غزل)

جسم کیا ہے کچھ نہیں ہے ایک گھر مٹی کا ہے

خوبصورت تو بہت ہے ہاں مگر مٹی کا ہے

صاف اور شفاف شیشے کی طرح تیرا بدن

اور میرے ساتھ تیرا یہ سفر مٹی کا ہے

جسم میں اور قبر میں کس درجہ ہے یکسانیت

یہ بھی گھر مٹی کا ہے اور وہ بھی گھر مٹی کا ہے

عارض و گیسو لب و رخسار یہ سب نام ہیں

میں تو بس اتنا کہوں گا کہ بشر مٹی کا ہے

چھوٹی چھوٹی بات پر کتنا بکھر جاتا ہوں میں

میرے جسم و ذات پر پورا اثر مٹی کا ہے

کوزہ گر کوزہ بنا کر لاکھ اترائے مگر

میں سمجھتا ہوں کہ صوفیؔ یہ ہنر مٹی کا ہے

کر کے منظور فیصلہ دل کا (غزل)

کر کے منظور فیصلہ دل کا

ہو گیا مجھ کو تجربہ دل کا

کوئی تو پڑھتا میرے چہرے کو

کوئی تو حال پوچھتا دل کا

میں زباں کا خراب ہوں لیکن

لوگ کہنے لگے برا دل کا

آسماں تک دماغ کی ہے اڑان

دل تلک ہی ہے دائرہ دل کا

جانے کیسے بھٹک گئے ہو تم

ویسے سیدھا تھا راستہ دل کا

ہے تباہی میں ہاتھ دونوں کے

ایک تیرا ہے دوسرا دل کا

عشق کا کھیل تیرے بس کا نہیں

تجھ سے ہوگا نہ حق ادا دل کا

آج لگتا ہے چوٹ گہری ہے

آج لگتا ہے دل دکھا دل کا

اتنا سنجیدہ ہو گیا صوفیؔ

پہلے کتنا تھا چلبلا دل کا

مزید غزلیں از سفیان صوفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں