صوفیہ زاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھ ہی آنکھ میں شہ کار بنا لیتے ہیں (غزل)
آنکھ ہی آنکھ میں شہ کار بنا لیتے ہیں
ہم اسی ایک کو سو بار بنا لیتے ہیں
اس کی تصویر میسر نہ ہو تو ہم اس کے
شعر سے خاکہ دل افگار بنا لیتے ہیں
زندگی تو تو تصور سے بھی زیادہ ہے حسیں
ہم تجھے بار دگر بار بنا لیتے ہیں
شاد رہتا ہے زمانہ کسی نفرت کے سمے
لوگ الفت کو بھی آزار بنا لیتے ہیں
نیک فطرت ہی بناتے ہیں مگر دوست اگر
خود پسند ہو تو گنہگار بنا لیتے ہیں
آ کسی پیڑ کی چھاؤں تلے بیٹھے بیٹھے
ایک دوجے کو ثمر بار بنا لیتے ہیں
کب کوئی پیکر فصیل ہم نوائی تک گیا (غزل)
کب کوئی پیکر فصیل ہم نوائی تک گیا
ہم عبادت تک گئے اور وہ خدائی تک گیا
ایک دنیا چشم دیدہ ہے کہ وہ جان ادا
کج اداؤں سے ملا ہے کج ادائی تک گیا
دلبری کے نام لیوا یوں زباں سے پھر گئے
یہ فسانہ جب رقیبوں کی رسائی تک گیا
تو کتاب زندگی کا اک ادھورا باب ہے
باوجود اس کے مکمل رونمائی تک گیا
اس کو زعم عاشقی تھا یعنی بس خیرات تھی
چارہ گر سمجھے تھے جس کو پارسائی تک گیا
ہم شکستہ آئنے کی رکھ رہے تھے لاج اور
وہ ہماری بزم میں ہرزہ سرائی تک گیا
پائے پوشیدہ صفت پہنچے مقام آگہی
کاہے عالم اہتمام خود نمائی تک گیا
طالب و مطلوب کا قصہ سنانا بعد میں
وہ محب تھا اور محبت میں گدائی تک گیا
قسمتوں کو دوش مت دے اپنے دل کی بات کر
آرزوئے بے بدل میں دل جدائی تک گیا
ہم اسیران تمنا ہیں بس اتنا یاد رکھ
قیدئ زنداں قفس میں ہی رہائی تک گیا
چاہتوں کے پودوں کو وسوسوں کا پانی دو تو کہاں پنپتے ہیں (نظم)
چاہتوں کے پودوں کو وسوسوں کا پانی دو تو کہاں پنپتے ہیں
بد گمان مت رہنا کہ تمہاری الفت میں فاصلے بہت ہوں گے دوریاں نہیں ہوں گی
حجتیں نہ کرنا تم اجتناب کر لینا
بیٹھ کر کہیں اپنا احتساب کر لینا
اب تمہارے ہونے کا احتمال ہے ہم کو
پھر تمہی سے ملنے کا انتظار ہے ہم کو
ایک مسکراہٹ میں اور تمہاری آہٹ میں
جو سمے گزارا ہے وہ فقط ہمارا ہے