پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صوفیہ دیپیکا کوثر کی غزلیں — Sufiya Deepika Kausar Ghazals

صوفیہ دیپیکا کوثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو خالی تھا ہمارے دل کا کونا بھر گیا ہے (غزل)

جو خالی تھا ہمارے دل کا کونا بھر گیا ہے

نظر کا تیر یعنی گھاؤ گہرا کر گیا ہے

کسی لب کے تبسم کی ادا ہونی ہے قیمت

اک آنسو نوک مژگاں پر جو آکر مر گیا ہے

تری جانب سے پتھر اب بھی مجھ تک آ رہے ہیں

عنایت روک دے کاسہ لبالب بھر گیا ہے

تمناؤ تمہیں بھی لوٹ جانا چاہیے تھا

جنوں بھی چھوڑ کر صحرا نوردی گھر گیا ہے

مسافر عشق کا حسرت کے دریا میں گیا کیوں

اسے ہرگز وہاں جانا نہیں تھا پر گیا ہے

وہی دل پر حکومت کر رہا ہے میرے کوثرؔ

جو اس کا مستحق تھا تاج اس کے سر گیا ہے

اے برق تجلی فکر ہے یہ کیا تیرا بھرم رکھ پاؤں گی (غزل)

اے برق تجلی فکر ہے یہ کیا تیرا بھرم رکھ پاؤں گی

مشتاق تو ہے دل جلووں کا آنکھیں وہ کہاں سے لاؤں گی

عشاق کی محفل خوب مگر کیا کام مرا جب تو ہی نہیں

دامن کو سمیٹوں گی اپنے خاموشی سے اٹھ جاؤں گی

دیکھو تو شکن پیشانی کی احساس کرو تو الجھن کا

خم آ بھی گئے کاکل میں اگر کاہے کو انہیں سلجھاؤں گی

سب حسن کے عاشق ہیں تیرے کافر کا بھی تو واعظ کا بھی تو

بس اب یہ بتا اے ہرجائی کیا میں ہی تیرا غم کھاؤں گی

بس تھوڑی سی بارش حسن ازل طوفاں کی ضرورت ہے ہی نہیں

پتھر تو نہیں کہ بہہ نہ سکوں خاشاک ہوں میں بہہ جاؤں گی

اک عالم جذب و مستی ہے مت پوچھ تمنا کوثرؔ کی

کچھ اور ذرا بڑھ جائے جنوں ہر طور تری ہو جاؤں گی

مزید غزلیں از صوفیہ دیپیکا کوثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں