پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صوفیہ انجم تاج کی غزلیں — Sufia Anjum Taj Ghazals

صوفیہ انجم تاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ایک لڑکی جو خندہ لب تھی نہ جانے کیوں چشم تر گئی وہ (غزل)

وہ ایک لڑکی جو خندہ لب تھی نہ جانے کیوں چشم تر گئی وہ

ابھی تو بیٹھی سسک رہی تھی ابھی نہ جانے کدھر گئی وہ

وہ لڑکی لگتی تھی اجنبی سی ذرا سے کھٹکے پہ چونکتی تھی

یہ اس کے ساتھ حادثہ ہوا کیا کہ بیٹھے بیٹھے بکھر گئی وہ

وہ کوئی شے اپنی کھو چکی تھی وہ ڈھونڈھتی اس کو پھر رہی تھی

وہ شہر شہر اور گاؤں گاؤں تلاش میں در بدر گئی وہ

نہ ہم نوا تھا نہ ہم زباں تھا نہ درد کا کوئی رازداں تھا

بس اپنی آنکھوں سے قطرہ قطرہ ٹپک ٹپک کر بکھر گئی وہ

نہ کوئی دیوار و در تھا کوئی نہ ہم سفر ہم سخن تھا کوئی

بچاری کا کوئی گھر کہاں تھا کہ کہہ دیں ہم اپنے گھر گئی وہ

تمام انجان کوچے گلیاں تمام کانٹے تمام چھریاں

کسی طرح اپنا دل سنبھالے بچا کے دامن گزر گئی وہ

کسی سے قول و قرار تھا کیا کہ وعدوں کا اعتبار تھا کیا

جہاں کوئی سرخ جوڑا دیکھا تو دل کو تھامے ٹھہر گئی وہ

ستاروں سے جا کے مل گئی ہے کہ بادلوں میں چھپی ہوئی ہے

اڑان اس کی بہت بڑی تھی اگرچہ بے بال و پر گئی وہ

رہی وہ سارے چمن میں انجمؔ بے آشنا اور بے شناسا

میں کہتی ہوں پار اتر گئی وہ زمانہ کہتا ہے مر گئی وہ

خانہ بدوش رہنے کی عادت نہیں گئی (غزل)

خانہ بدوش رہنے کی عادت نہیں گئی

انساں کے دل سے خواہش ہجرت نہیں گئی

در در کی خاک چھان رہے ہیں ابھی تلک

دل سے حیات آشنا وحشت نہیں گئی

کچھ پرخلوص دوست میسر ہیں اس لیے

آنکھوں سے خوش گمانی کی عادت نہیں گئی

جب تک نفس میں صبر و قناعت تھے خیمہ زن

گھر سے ہمارے رزق کی برکت نہیں گئی

لمحہ بہ لمحہ ٹوٹتے رہنے کے باوجود

کہسار خوش جمال کی رفعت نہیں گئی

صد شکر سن رہا ہوں میں اب بھی صدائے وقت

اس شور میں بھی میری سماعت نہیں گئی

مرجھا گیا کتاب میں رکھا ہوا یہ پھول

لیکن ہنوز اس کی لطافت نہیں گئی

دامان چشم شوق لہو سے ہے تر بہ تر

آنکھوں سے پھر بھی خواب کی چاہت نہیں گئی

پگڑی بتا رہی ہے کہ سر پر غرور سے

کوتاہ قامتی کی علامت نہیں گئی

اس کو زمیں بھی چاہئے وہ بھی کفن کے ساتھ

مر کر بھی آدمی کی ضرورت نہیں گئی

اس بار سیل اشک ندامت کے ساتھ رازؔ

آنکھوں سے روشنیٔ ندامت نہیں گئی

اطراف میں اپنے جو پھیلی روشنی محسوس کرتی ہوں (نظم)

اطراف میں اپنے جو پھیلی روشنی محسوس کرتی ہوں

تو لگتا ہے

کہ جیسے تم کہیں پر ہو

یہیں پر ہو

یہ میرا خواب مت سمجھو

کہو تو سچ کہوں میں

واقعی لگتا ہے جیسے تم کہیں پر ہو

کسی چوکھٹ پہ چڑھتی اک لچکتی شاخ پر

پھولوں کے جھرمٹ میں نہاں

پھولوں سے بڑھ کر ہو

بڑھا کر ہاتھ کوئی جس کو چھو لینے کا خوگر ہو

طلسم رنگ سے اک چھیڑ سی پہروں رہا کرتی ہے

کچھ ایسے

کہ سب کچھ بھول جاتی ہوں

اچانک خواب سے میں جاگتی ہوں

اور مڑ کر دیکھتی ہوں

ایک سناٹے کا عالم ہے

کھلے میدان میں ساکت کھڑی ہوں میں

مزید غزلیں از صوفیہ انجم تاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں