پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صوفی زمزم بجنوری کی غزلیں — Sufi Zamzam Bijnori Ghazals

صوفی زمزم بجنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شکوہ ہے کسی سے نہ شکایت نہ گلہ ہے (غزل)

شکوہ ہے کسی سے نہ شکایت نہ گلہ ہے

یہ زیست مرے جرم محبت کی سزا ہے

اے ساقئ مے خانہ تو کیا سوچ رہا ہے

چھائی ہوئی میخانے پہ ساون کی گھٹا ہے

غیروں کی شکایت ہے نہ کچھ تجھ سے گلہ ہے

مجھ سے تو ہر اک ہمدم دیرینہ خفا ہے

یہ تیرا کرم ہے کہ محبت کا صلہ ہے

ہر زخم تری یاد کا اک پھول بنا ہے

اے چارہ گرو تم سے تو یہ بھی نہیں ہوتا

اک حرف تسلی جو دوا ہے نہ دعا ہے

اب حرف تمنا بھی نہیں لب پہ ہمارے

کیا کہئے کہاں عشق نے دم توڑ دیا ہے

دامن کی ہمیں اپنے خبر ہو نہ ہو لیکن

ہم اہل جنوں نے ترا دامن تو سیا ہے

اے موج حوادث نہ الجھ ہم سے کہ ہم نے

اک آن میں طوفان کا رخ موڑ دیا ہے

سچ پوچھئے زمزمؔ تو اب اس دور ہوس میں

جینے ہی کا کچھ لطف نہ مرنے کا مزہ ہے

شیخ ناداں نہ سمجھ عشق کے دیوانے کو (غزل)

شیخ ناداں نہ سمجھ عشق کے دیوانے کو

راہ کعبے سے بھی جاتی ہے صنم خانے کو

جلوۂ حسن جہاں تاب کے پرتو کی قسم

پھر حقیقت سے بدل طور کے افسانے کو

جرم اپنا مجھے تسلیم ہے لیکن اے دوست

ہم نے فردوس بنایا ترے دیوانے کو

خم کے خم پیر مغاں تو نے لنڈھائے بھی تو کیا

چشم مے نوش ترستی رہی پیمانے کو

نجد میں کیا کوئی مجنوں کے سوا اور نہ تھا

تو نے دیوانہ بنایا بھی تو دیوانے کو

حوصلہ ہے تو اٹھا جام و سبو اے زاہد

تنگ دل دیکھ اٹھا سر پہ نہ میخانے کو

یہ بھی تھا چشم فسوں ساز کا صدقہ زمزمؔ

برق کیا خاک جلاتی مرے کاشانے کو

مزید غزلیں از صوفی زمزم بجنوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں