پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صوفی محمد تنویر ساجد نقشبندی کی غزلیں — Sufi Mohammad Tanveer Sajid Naqshbandi Ghazals

صوفی محمد تنویر ساجد نقشبندی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سر راہ کوئی مجھے ملا کہ نقاب رخ سے اٹھا دیا (غزل)

سر راہ کوئی مجھے ملا کہ نقاب رخ سے اٹھا دیا

اک عجیب شعلۂ حسن تھا دل و جاں میں آگ لگا دیا

وہ تڑپتا مجھ کو یوں چھوڑ کر مجھے حیرتوں میں وہ ڈال کر

وہ کدھر سے آیا کہاں گیا نہ تو نام اور نہ پتا دیا

ہے رگوں میں خون یا آگ ہے یہ عجیب طرح کی لاگ ہے

وہ زباں پہ عشق کا راگ ہے کہ جو ساز دل نے سکھا دیا

مرے دل کا جل گیا آشیاں مری چشم نم ہے دھواں دھواں

اسے ڈھونڈھتا ہوں یہاں وہاں مرے دل کو جس نے جلا دیا

شب و روز اس کا حضور ہے جو سراپا نور ہی نور ہے

اک عجیب کیف و سرور ہے کہ نظر کا جام پلا دیا

ہوا جب بھی وہ مرے روبرو مری آنکھیں کرنے لگیں وضو

تبھی چشم ساجدؔ کم نظر سے حجاب سارے اٹھا دیا

بے زبانی کو عطا یوں بھی زباں ہونے لگی (غزل)

بے زبانی کو عطا یوں بھی زباں ہونے لگی

میری حالت ان کے چہرے سے عیاں ہونے لگی

ہر مسرت ہر خوشی بنتی گئی تصویر غم

دھیرے دھیرے نغمگی آہ و فغاں ہونے لگی

شب کے ڈھلنے تک جمی تھی محفل شعر و سخن

آنکھ جھپکی تھی کہ مسجد میں اذاں ہونے لگی

تیرے ہاتھوں کی مہک ہے اب بھی میرے ہاتھ میں

تیری خوشبو میری سانسوں میں رواں ہونے لگی

وقت رخصت آپ نے دی تھی دعائیں میرے ساتھ

ابر بن کر وہ سفر میں سائباں ہونے لگی

خاک بن کر ان کی گلیوں میں پہنچتا کاش میں

میری مٹی بھی لحد میں رائیگاں ہونے لگی

آنکھوں آنکھوں ہی میں ساجدؔ کہہ گئے سب حال دل

اپنی خاموشی نئی طرز بیاں ہونے لگی