پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سدھا جین انجم کی غزلیں — Sudha Jain Anjum Ghazals

سدھا جین انجم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھر میسر یہ ملاقات کبھی ہو کہ نہ ہو (غزل)

پھر میسر یہ ملاقات کبھی ہو کہ نہ ہو

سامنے بیٹھ کے پھر بات کبھی ہو کہ نہ ہو

آؤ ہم بوجھ دلوں کا ذرا ہلکا کر لیں

کیا خبر اشکوں کی برسات کبھی ہو کہ نہ ہو

یہ بھی ممکن ہے کہ میں آپ کا دل رکھ پاؤں

پھر سے یہ عالم جذبات کبھی ہو کہ نہ ہو

چھوڑنے والا تھا دل تیرے کرم کی امید

ڈر تھا پھر لطف اشارات کبھی ہو کہ نہ ہو

تھا ارادہ کہ کوئی بات ادھوری نہ رہے

کیا خبر فرصت لمحات کبھی ہو کہ نہ ہو

پیار کے نام پہ یہ زخم بھی ہیں مجھ کو قبول

پھر مری نذر یہ سوغات کبھی ہو کہ نہ ہو

تجھ سے ملنے کا یہ موقع ہمیں قسمت سے ملا

ایسی دلچسپ ملاقات کبھی ہو کہ نہ ہو

یہی بہتر ہے کہ ہم کر لیں قبول اپنے گناہ

خود سے اس طرح ملاقات کبھی ہو کہ نہ ہو

اتنا بے بس تھا میں انجمؔ کہ زباں کھل نہ سکی

کیا خبر ختم سیہ رات کبھی ہو کہ نہ ہو

پل میں یاری کر لیتے ہو (غزل)

پل میں یاری کر لیتے ہو

باتیں اچھی کر لیتے ہو

کہے بنا میں رہ نہیں پاؤں

قابو دل بھی کر لیتے ہو

جس کے ساتھ بھی جاؤ اسی کو

پرچھائیں سی کر لیتے ہو

چنتے ہو تم مشکل مقصد

اور حاصل بھی کر لیتے ہو

دل میں کیا ہے پتہ ہے تم کو

تم ان دیکھی کر لیتے ہو

ہم سے کھل کر ایسی باتیں

بس اک تم ہی کر لیتے ہو

تم سے دور رہیں ہم بے شک

تم طے دوری کر لیتے ہو

بے صبری بھی دیکھ چکے ہیں

انتظار بھی کر لیتے ہو

ہمیں بھلا بھی دیتے ہو تم

لیکن یاد بھی کر لیتے ہو

جب اس درجہ بیتابی ہے

کیسے تسلی کر لیتے ہو

کبھی کبھار تو باتیں انجمؔ

بنا بات بھی کر لیتے ہو

مزید غزلیں از سدھا جین انجم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں