سدیش کمار مہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی غزل ہو یہ لہجہ نہیں بدلتے ہم (غزل)
کوئی غزل ہو یہ لہجہ نہیں بدلتے ہم
کہ سچ ہو کتنا بھی کڑوا نہیں بدلتے ہم
کسی گلی سے یہ رشتہ نہیں بدلتے ہم
تمہارے بعد بھی رستہ نہیں بدلتے ہم
کھلی کتاب کے جیسی ہے زندگی اپنی
کسی کے سامنے چہرہ نہیں بدلتے ہم
لہولہان ہوں نظریں یا روح ہو زخمی
ہماری آنکھوں کا سپنا نہیں بدلتے ہم
تمام عمر ہی اب کیوں نہ ختم ہو جائے
تمہارے پیار کا قصہ نہیں بدلتے ہم
جو جیسا ہے اسے ویسا ہی ہم نے چاہا ہے
محبتوں میں یہ سکہ نہیں بدلتے ہم
وفا کی راہ کے پکے ہیں ہم مسافر بھی
ملیں نہ منزلیں رستہ نہیں بدلتے ہم
کسی کنیر کے پھولوں سے سرخ ہونٹ اس کے
گلوں سے آج بھی رشتہ نہیں بدلتے ہم
تمام شکلیں ہمیں ایک جیسی لگتی ہیں
کسی کے واسطے چشمہ نہیں بدلتے ہم
کٹا پھٹا ہی سہی ہے یہ پیرہن سچ کا
نئے لباس سے کپڑا نہیں بدلتے ہم
یہ گل مہر کی ہیں شاخیں کسی کہ یاد لیے
کسی کی یاد کا چہرہ نہیں بدلتے ہم
کبھی یہیں پہ ہی آ کر وہ بیٹھ جاتی تھی
اسی لئے تو یہ کمرہ نہیں بدلتے ہم
معاف کیجیے گستاخیاں ہماری ہیں (غزل)
معاف کیجیے گستاخیاں ہماری ہیں
لبوں پہ آپ کے یہ تتلیاں ہماری ہیں
یہ چیت کا ہے مہینہ تمہاری یاد بھرا
کہ ان دنوں بڑی سرگرمیاں ہماری ہیں
تمہارے ہونٹوں سے کچھ رابطے ہیں گہرے سے
تمہاری آنکھوں میں دلچسپیاں ہماری ہیں
ہر ایک لفظ ہے پھیکا ہے بے سواد سا ہے
بہت لذیذ یہ خاموشیاں ہماری ہیں
بھری دوپہری میں پھیلا ہے شور یادوں کا
تمہاری الگنی پر ہچکیاں ہماری ہیں