سدرشن کمار وگل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ منزل ہے نہ منزل کا نشاں ہے (غزل)
نہ منزل ہے نہ منزل کا نشاں ہے
ہمارا کارواں پھر بھی رواں ہے
اسی ڈالی پہ اپنا آشیاں ہے
تڑپتی جس جگہ برق تپاں ہے
ہوئی ہیں کارگر غیروں کی چالیں
ترے لب پر نہیں ہے اب نہ ہاں ہے
رہے صیاد ہر دم جس چمن میں
وہاں غم کی حکایت جاوداں ہے
سرور و نغمہ ہیں اب کل کی باتیں
یہاں تو اب فقط آہ و فغاں ہے
انہیں کیوں رنج ہو جور و ستم پر
ستمرانی تو خوئے مہوشاں ہے
نہیں انساں کی قیمت کوئی رفعتؔ
پرانے دور کی بات اب کہاں ہے
یہ جو کالی گھٹا چھائی ہوئی ہے (غزل)
یہ جو کالی گھٹا چھائی ہوئی ہے
کسی کی زلف لہرائی ہوئی ہے
نظر ان کی بھری محفل میں آ کر
نہ جانے کس سے شرمائی ہوئی ہے
غضب ہے دل کشی حسن و ادا کی
جوانی جوش پر آئی ہوئی ہے
تمہاری یاد بھی آتی نہیں اب
نہ جانے کس کی بہکائی ہوئی ہے
ہجوم یاس سے تنگ آ کے رفعتؔ
تمنا میری مرجھائی ہوئی ہے
چمن کے ذرے ذرے سے صدا خوشیوں کی آتی ہے (نظم)
چمن کے ذرے ذرے سے صدا خوشیوں کی آتی ہے
کہ آزادی کے نغمے آج بلبل گنگناتی ہے
کلی کھل کر بہاروں کے چمن میں گیت گاتی ہے
چمن کیا آج تو ساری خدائی مسکراتی ہے
بہار آکر چمن میں اک نیا مژدہ سناتی ہے
زمانہ رقص میں ہے زندگی خوشیاں مناتی ہے
دیا خون جگر ہم نے تو گلشن میں بہار آئی
بہت مدت کے بعد آخر یہ جان انتظار آئی
دلوں کی بے قراری کا یہی لے کر قرار آئی
خوشا قسمت چمن میں عندلیب نغمہ بار آئی
یہ آزادی وطن میں اک نئی دنیا بساتی ہے
چمن میں اب جدھر دیکھو جوانی مسکراتی ہے
مگر اک مخمصے میں مادر ہندوستاں ہے آج
اسے درکار اہل ہند کا عزم جواں ہے آج
مٹانا دشمنوں کا دہر سے نام و نشاں ہے آج
کمر باندھے ہوئے بھارت کا ہر پیر و جواں ہے آج
ہے وہ نغمہ ہر اک لب پر کہ دھرتی چونک جاتی ہے
تری للکار سے رفعتؔ یہ دنیا تھرتھراتی ہے