پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سدرشن کنول کی غزلیں — Sudarshan Kanwal Ghazals

سدرشن کنول کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دن تو اے دوست کسی طور گزر جاتا ہے (غزل)

دن تو اے دوست کسی طور گزر جاتا ہے

شام آتی ہے تو دل درد سے بھر جاتا ہے

ہر طرح سے مجھے پہچان رہی ہے دنیا

عیب جاتا ہے کہیں میرا ہنر جاتا ہے

سب برے لوگ نہیں اس میں بھلے لوگ بھی ہیں

جس کو دنیا میں جو کرنا ہے وہ کر جاتا ہے

جب کسی وقت نشے میں ہو ترا دیوانہ

تیرے کوچے میں ذرا دیر ٹھہر جاتا ہے

ذہن میں جب کسی منزل کا تصور ہی نہیں

کس طرف مجھ کو لئے ذوق سفر جاتا ہے

شہر کی آب و ہوا میں کوئی جیتا ہے کنولؔ

اور کوئی دشت جنوں میں کہیں مر جاتا ہے

بے خودی میں تری قربت کے زمانے دیکھے (غزل)

بے خودی میں تری قربت کے زمانے دیکھے

تجھ سے وابستہ کئی خواب سہانے دیکھے

ہم نے تحریر کئے تھے جو لہو سے اپنے

وسعت ارض پہ بکھرے وہ فسانے دیکھے

تجھ کو محسوس تو ہر شے میں کیا ہے ہم نے

تجھ کو دیکھا نہ کہیں تیرے ٹھکانے دیکھے

صرف اک تیرے چمکتے ہوئے چہرے کے سوا

شیشۂ دل میں سبھی عکس پرانے دیکھے

دور حاضر کی ہر اک شے سے ہوئے دور بہت

ہم نے جب گزرے ہوئے اپنے زمانے دیکھے

وعدہ کرکے بھی نہ آنے کی حسیں باتوں میں

ہم نے اس شوخ پری رو کے بہانے دیکھے

مزید غزلیں از سدرشن کنول ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں