سوز سکندرپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ رت نہ رہی وہ دن نہ رہے وہ صبح نہیں وہ شام نہیں (غزل)
وہ رت نہ رہی وہ دن نہ رہے وہ صبح نہیں وہ شام نہیں
آرام کی حسرت کون کرے تقدیر میں جب آرام نہیں
ہمت کے سہارے بڑھتا جا گو منزل الفت دور سہی
تو پھر بھی اسے دو گام سمجھ جی چھوڑنے کا ہنگام نہیں
وہ کیف نہیں وہ دور نہیں کچھ اور فلک ہے اور زمیں
اب صبح ہماری صبح نہیں اب شام ہماری شام نہیں
ہنگامۂ محشر برپا ہے طوفان سے ٹکر لے بڑھ کر
اے دوست ابھی آرام نہ کر آرام کا یہ ہنگام نہیں
بدلی جو فضا میخانے کی بے کیف ہوئی مے نوشی بھی
اے سوزؔ ہمیں جو مست کرے اب ایسی مئے گلفام نہیں
جب آس کا دیپک بجھتا ہے نظروں کا سلام آ جاتا ہے (غزل)
جب آس کا دیپک بجھتا ہے نظروں کا سلام آ جاتا ہے
مرنے کی تمنا کرتے ہی جینے کا پیام آ جاتا ہے
جب ہوک سی دل میں اٹھتی ہے جب درد بدلتا ہے پہلو
بے ساختہ میرے ہونٹوں پر کیوں آپ کا نام آ جاتا ہے
کیا بھید ہے اس میں اے واعظ توبہ کا ارادہ کرتے ہی
کیوں کالی گھٹائیں آتی ہیں کیوں رقص میں جام آ جاتا ہے
جی بھر کے نظارہ کرنے کا موقع ہی نہیں ملتا مجھ کو
جب سامنا ان کا ہوتا ہے سجدے کا مقام آ جاتا ہے
اس واسطے اس کو سینے سے دن رات لگائے رکھتا ہوں
اچھا ہے برا ہے جیسا ہے دل وقت پہ کام آ جاتا ہے
اے سوز خموشی بہتر ہے اظہار جنون الفت سے
تیرا ہی نہیں اس قصے میں ان کا بھی تو نام آ جاتا ہے