سونیا سونم عکس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آج تو اپنی اداؤں کا ہنر دیکھیں گے (غزل)
آج تو اپنی اداؤں کا ہنر دیکھیں گے
آئینو آؤ تمہارا بھی جگر دیکھیں گے
درد غم اتنا مہربان ہوا ہے ہم پر
آگ پر اپنی ہی آہوں کا سفر دیکھیں گے
دل کو دیپک کی طرح ضد پہ جلایا میں نے
آندھیوں اس پہ تمہارا بھی اثر دیکھیں گے
شوخ لہرو کی ہتھیلی پہ نہ آنسو رکھو
لوگ دریا کی نگاہوں میں بھنور دیکھیں گے
غم کے سانچے میں ڈھلتی رہی سونیاؔ (غزل)
غم کے سانچے میں ڈھلتی رہی سونیاؔ
پھر بھی چپ چاپ چلتی رہی سونیاؔ
اپنے پرکھوں کی دہلیز پر رات دن
اک دیا بن کے جلتی رہی سونیاؔ
عزم و ہمت سے کانٹوں پہ چلتے ہوئے
اپنی قسمت بدلتی رہی سونیاؔ
ہار کر لوگ آگے نکلتے رہے
جیت کر ہاتھ ملتی رہی سونیاؔ
ہر قدم پر قدم ڈگمگاتے رہے
پھر بھی اکثر سنبھلتی رہی سونیاؔ
عکس کا عکس تھا عکس کے سامنے
جس کے دل میں مچلتی رہی سونیاؔ
مزید غزلیں از سونیا سونم عکس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں