پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سہیل آزاد کی غزلیں — Sohail Azad Ghazals

سہیل آزاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حال پوچھنا اس کا میرا مسکرا دینا (غزل)

حال پوچھنا اس کا میرا مسکرا دینا

بس اسی تعلق پر زندگی بتا دینا

عشق عشق کا حاصل عشق عشق کی منزل

تم بھی دل کے ساحل پر کشتیاں جلا دینا

قربتوں کے موسم تو اختلاف میں گزرے

ٹھیک تھا محبت کو ہجر کا پتا دینا

انگلیوں پہ کیا گزری انگلیوں سے کر معلوم

تیرے نام کو لکھنا اور پھر مٹا دینا

غافل دل اور عشق کی رسمیں (غزل)

غافل دل اور عشق کی رسمیں

عشق کہاں پھر دل کے بس میں

کہاں گئے پھولوں سے گھروندے

جن کے لیے روتے تھے قفس میں

آہ وہی مطلوب نہ نکلا

جس کی طلب رقصاں تھی نفس میں

امیدوں کی اپنی گھٹن تھی

عمر گزاری ہم نے امس میں

لو کے پیالے کیا چھلکائیں

برف گھلی ہے دھوپ کے رس میں

حسرت بن جاتی ہے تمنا

یوں نہ سما دل کی نس نس میں

نہیں آج سگریٹ نہیں (نظم)

نہیں آج سگریٹ نہیں

آؤ اس موڑ تک ہو کے آئیں

وہیں سامنے پل کے اس پار

رستوں کے جنگل سے پیچھے

وہیں چل کے اک جاوداں قہقہہ تم لگانا

چلو یہ بھی اچھا رہا میں کہوں

اور پھر

تم سے واپس پلٹنے کا اصرار کرنے لگوں

سو تم

مسکرانے کی زندہ اداکاری کرتے ہوئے لوٹ آنا

لوٹ آنا

مزید غزلیں از سہیل آزاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں