پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سہیل اختر کی غزلیں — Sohail Akhtar Ghazals

سہیل اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہ خود نمائی نہ تشہیر چاہتے ہیں ہم (غزل)

کہ خود نمائی نہ تشہیر چاہتے ہیں ہم

بس اپنے ہونے کی توقیر چاہتے ہیں ہم

رہائی کا یہی مفہوم ہے ہمارے لئے

پسند کی کوئی زنجیر چاہتے ہیں ہم

یہ دیکھنا ہے کہ رفتار کر رہی ہے کیا

تمام شہر کو تصویر چاہتے ہیں ہم

بہت اداس ہے کوئی پڑوس میں یارو

ذرا سی جشن میں تاخیر چاہتے ہیں ہم

ذرا سی بات جو چھیڑی حقوق کی ہم نے

اٹھا یہ شور کہ جاگیر چاہتے ہیں ہم

ہمیں بنایا گیا ہے ہدف یہ جانتے ہیں

تو کیوں نشانے پہ ہر تیر چاہتے ہیں ہم

یہ توڑ پھوڑ ضرورت ہے کوئی شوق نہیں

نئے سرے سے جو تعمیر چاہتے ہیں ہم

بس ایک قافیہ پیمائی ہم نے کی ہے سہیلؔ

سو اے غزل تری تعزیر چاہتے ہیں ہم

ہمارے جیسے ہی لوگوں سے شہر بھر گئے ہیں (غزل)

ہمارے جیسے ہی لوگوں سے شہر بھر گئے ہیں

وہ لوگ جن کی ضرورت تھی سارے مر گئے ہیں

گھروں سے وہ بھی صدا دے تو کون نکلے گا

ہے دن کا وقت ابھی لوگ کام پر گئے ہیں

کہ آ گئے ہیں تری شور و شر کی محفل میں

ہم اپنی اپنی خموشی سے کتنا ڈر گئے ہیں

انہیں سے سیکھ لیں تہذیب راہ چلنے کی

جو راہ دینے کی خاطر ہمیں ٹھہر گئے ہیں

سبھی کو کرتے ہیں مل جل کے رہنے کی تلقین

کچھ اپنے آپ میں ہم اس قدر بکھر گئے ہیں

نہیں قبول ہمیں کامیابی کا یہ جنون

یہ جانتے بھی ہیں ناکامیوں پہ سر گئے ہیں

تو کیوں ستاتی ہے بگڑے دنوں کی یاد کہ ہم

مصالحت ہوئی دنیا سے اب سدھر گئے ہیں

ہوائے دشت یہاں کیوں ہے اتنا سناٹا

وہ تیرے سارے دوانے بتا کدھر گئے ہیں

مزید غزلیں از سہیل اختر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں