پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صہیب مغیرہ صدیقی کی غزلیں — Sohaib Mugheera Siddiqi Ghazals

صہیب مغیرہ صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسی شدید روشنی میں جل مروں گا میں (غزل)

ایسی شدید روشنی میں جل مروں گا میں

اتنے حسین شخص کو کیسے سہوں گا میں

مجھ سے مرا وجود تو ثابت نہیں ہوا

تو آنکھ بھر کے دیکھ لے ہونے لگوں گا میں

میں میکدے سے دور ہوں پر دائرے میں ہوں

زندہ رہا تو تیرے گلے آ لگوں گا میں

میں وہ عجیب شخص ہوں کہ چند روز تک

پاگل نہ کر سکا تو اسے مار دوں گا میں

رات جاگی تو کہیں صحن میں سوکھے پتے (نظم)

رات جاگی تو کہیں صحن میں سوکھے پتے

چرمرائے کہ کوئی آیا کوئی آیا ہے

اور ہم شوق کے مارے ہوئے دوڑے آئے

گو کہ معلوم ہے تو ہے نہ ترا سایہ ہے

ہم کہ دیکھیں کبھی دالان کبھی سوکھا چمن

اس پہ دھیمی سی تمنا کہ پکارے جائیں

پھر سے اک بار تری خواب سی آنکھیں دیکھیں

پھر ترے ہجر کے ہاتھوں ہی بھلے مارے جائیں

ہم تجھے اپنی صداؤں میں بسانے والے

اتنا چیخیں کہ ترے وہم لپٹ کر روئیں

پر ترے وہم بھی تیری ہی طرح قاتل ہیں

سو وہی درد ہے جاناں کہو کیسے سوئیں

بس اسی کرب کے پہلو میں گزارے ہیں پہر

بس یوں ہی غم کبھی کافی کبھی تھوڑے آئے

پھر اچانک کسی لمحے میں جو چٹخے پتے

ہم وہی شوق کے مارے ہوئے دوڑے آئے

مزید غزلیں از صہیب مغیرہ صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں