پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سیا سچدیو کی غزلیں — Siya Sachdev Ghazals

سیا سچدیو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو ذمہ داریاں قسمت نے میرے سر رکھ دیں (غزل)

جو ذمہ داریاں قسمت نے میرے سر رکھ دیں

تو پھر نزاکتیں میں نے اٹھا کے گھر رکھ دیں

تمہارے بعد زمانے میں اور کیا دیکھیں

لو ہم نے چہرے سے آنکھیں اتار کر رکھ دیں

پھر آج عمر گزشتہ کی یاد آئی ہے

پھر اپنے ماضی کی تصویریں دیکھ کر رکھ دیں

یقین ہوگا ہمیں اب تمہارے ہونے کا

لو ہم نے انگلیاں جلتے چراغ پر رکھ دیں

چھپائے بیٹھی ہوں سینے میں ایک مدت سے

وہ باتیں دل کی ترے سامنے اگر رکھ دیں

زمانہ لاکھ سمجھتا ہو اہمیت میری (غزل)

زمانہ لاکھ سمجھتا ہو اہمیت میری

مری نظر میں نہیں کوئی حیثیت میری

کوئی تو تھا جو مری زندگی سے گزرا تھا

بتا رہی ہیں زمانے کو کیفیت میری

میں ساری دنیا کو اپنا ہی گھر سمجھنے لگوں

نہ کوئی شہر ہو میرا نہ شہریت میری

نوازشوں نے زمانے کی مجھ کو چونکایا

مجھے کہاں تھی پتا کوئی خاصیت میری

یہ شعر و شاعری میری یہ میرے چند خیال

یہی اثاثہ مرا یہ ہی ملکیت میری

چھپا کے درد جو کرتی رہی اداکاری

سمجھ میں آ گئی اب تم کو اصلیت میری

میں ان دکھوں کا گلہ کس لیے کروں اے سیاؔ

انہی دکھوں نے نکھاری ہے شخصیت میری

وہ اک دیوانہ سا لڑکا (نظم)

وہ اک دیوانہ سا لڑکا

کسی سے پیار کر بیٹھا

نہیں سوچا کبھی اس نے

کسی کی وہ امانت ہے

کسی کے گھر کی عزت ہے

سمجھتا کیوں نہیں ہے وہ

نہیں ممکن یہ چاہت ہے

یہ رسموں سے بغاوت ہے

وہ اپنا دل دکھاتا ہے

اسے پہروں مناتا ہے

پرستش اس کی کرتا ہے

اسی کو پیار کرتا ہے

اسی کو سوچتا ہے کیوں

اسی کو چاہتا ہے کیوں

وہ یہ کرتا ہے نادانی

کسی کی اس نے کب مانی

وہ جس کا پاک داماں ہے

پریشاں ہے وہ حیراں ہے

وہ بے بس کہہ نہیں پاتی

ترا دکھ سہہ نہیں پاتی

کسی کی راہ میں کانٹے

کبھی وہ بو نہیں سکتی

بس اتنا تم سمجھ لینا

وہ تیری ہو نہیں سکتی

مزید غزلیں از سیا سچدیو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں