صنوبر حیات جتوئی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
فریب دنیا میں کیا کیا دکھائی دیتا ہے (غزل)
فریب دنیا میں کیا کیا دکھائی دیتا ہے
سراب دور سے دریا دکھائی دیتا ہے
کہاں سے لاؤں میں کردار اس کہانی میں
جب ایک شخص ہی دنیا دکھائی دیتا ہے
میں اپنی آنکھوں پہ جب خواب اوڑھ لیتا ہوں
تمہارا چاند سا چہرہ دکھائی دیتا ہے
میں تیرا درد سمجھتا ہوں تو بھی میری طرح
ہمیشہ مجھ کو اکیلا دکھائی دیتا ہے
نگاہ شوق تحیر کے چاک پر رکھ کر
ہر اک بدن مجھے کوزہ دکھائی دیتا ہے
جو خواب نیند میں تعمیر ہوتا رہتا ہے
وہ آنکھ کھلنے پہ ملبہ دکھائی دیتا ہے
جب انتشار خیالی میں آئنہ دیکھوں
تو اپنا عکس بھی دھندلا دکھائی دیتا ہے
زمین والوں پہ کیا کیا ستم نہیں ہوتا (غزل)
زمین والوں پہ کیا کیا ستم نہیں ہوتا
یہ آسمان مگر زیر و بم نہیں ہوتا
میں تیرے سامنے ہوں مثل ماہیٔ بے آب
تو ریگزار ہے اشکوں سے نم نہیں ہوتا
سکوت نیم شبی میں چراغ بولیں گے
ہوا کے شور میں اظہار غم نہیں ہوتا
فریب کھایا ہے برباد ہو گیا لیکن
یہ میرا کار مسیحائی کم نہیں ہوتا
مری طرف جو حقارت سے پھینک دیتے ہو
وہ تلخ لقمہ سپرد شکم نہیں ہوتا
ہزار بار میں سمجھا چکا ہوں اس دل کو
یہ محتشم سر تسلیم خم نہیں ہوتا
میں پیچ دار بجھارت ہوں خود ہی اپنے لئے
یہ فاصلہ ہی مرا خود سے کم نہیں ہوتا