سراج شولا پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کسی کی بے وفائی پر بہت سوچا نہیں کرتے (غزل)
کسی کی بے وفائی پر بہت سوچا نہیں کرتے
چلو اٹھو میاں اب دل کو یوں چھوٹا نہیں کرتے
چمن زاروں میں رہنے کے بھی کچھ آداب ہوتے ہیں
غلط نظروں سے پھولوں کی طرف دیکھا نہیں کرتے
کبھی ایسا بھی ہوتا ہے سفینے ہار جاتے ہیں
مگر کچے گھڑے کو چوٹ تک دریا نہیں کرتے
خدا جانے جو عمریں نوح سی ہوتیں تو کیا ہوتا
ذرا سی زندگی ہے اور ہم کیا کیا نہیں کرتے
ہمارے رہبروں کا ہے شمار اب ان درختوں میں
جو خود شاداب رہتے ہیں مگر سایہ نہیں کرتے
شام ہوتے ہی گھر گئے ہوں گے (غزل)
شام ہوتے ہی گھر گئے ہوں گے
وہ جو زندہ تھے مر گئے ہوں گے
کوئی آوارہ اب کہاں ہوگا
وہ جو دن تھے گزر گئے ہوں گے
جو شناور تھے اب جزیروں پر
تھک کے سارے ٹھہر گئے ہوں گے
کوئی قاتل بھی اب نہیں ہوگا
زخم جتنے تھے بھر گئے ہوں گے
میں یہ سمجھا تھا کچھ جنوں چہرے
دشت میں پھر ابھر گئے ہوں گے
کب ٹھہرتے ہیں خواب آنکھوں میں
صبح دم کوچ کر گئے ہوں گے
دکھ زمانے کے پھر کہاں جاتے
میرے دل میں اتر گئے ہوں گے
چھٹ چکی ہوگی دھول یادوں کی
قافلے سب گزر گئے ہوں گے
دیپ تو نے جلائے کیوں آخر
سب اجالوں سے ڈر گئے ہوں گے
نام اس نے مرا لیا ہوگا
سب کے چہرے اتر گئے ہوں گے