سراج الدین سراج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو لوگ کہ انسان کی عزت نہیں کرتے (غزل)
جو لوگ کہ انسان کی عزت نہیں کرتے
وہ لوگ خدا سے بھی محبت نہیں کرتے
رکھتے ہیں وہی وسعت افلاک پہ نظریں
جو دار پہ بھی ترک صداقت نہیں کرتے
جس بات سے انسان کے جذبات ہوں مجروح
ہم بھول کے بھی ایسی حماقت نہیں کرتے
گر جاتے ہیں خود اپنی نگاہوں سے وہ انساں
جو اپنے پرائے سے مروت نہیں کرتے
تقسیم کریں گے وہ کہاں علم کی دولت
جو ہونٹ ہلانے کی بھی زحمت نہیں کرتے
ہیں ایک سراجؔ ان کے لئے اپنے پرائے
کم ظرف کسی کی بھی حمایت نہیں کرتے
دل سے اگر نہ ہوگا تو ہوگا نگاہ سے (غزل)
دل سے اگر نہ ہوگا تو ہوگا نگاہ سے
انسان ہوں میں بچ نہ سکوں گا گناہ سے
یوسف نکل تو آئے ہو زندان راہ سے
تم کیسے بچ سکو گے زلیخا کی چاہ سے
کیسی ہے دنیا ہوتے ہیں کیا دنیا دار لوگ
پوچھو کسی فقیر سے یا بادشاہ سے
جس کی حدوں میں جلتے ہیں جبریل کے بھی پر
میں ہو کے آ گیا ہوں اسی جلوہ گاہ سے
شاعر کی قدر ہے نہ کوئی شاعری کا مول
ملتا ہے شاعری کا صلہ واہ واہ سے
اپنی نظر کا حسن ہے اور کچھ نہیں سراجؔ
جس کو حسین چاہو بنا دو نگاہ سے