سراج میر خان صاحب سحر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صنم کا نور دیکھا ہے خدا کے نور کے بدلے (غزل)
صنم کا نور دیکھا ہے خدا کے نور کے بدلے
ہوا ہے داغ دل روشن چراغ طور کے بدلے
انا الحق کے عوض لب سے انا المحبوب جاری ہو
چڑھائیں دار پر مجھ کو اگر منصور کے بدلے
جو دیکھیں گے ترے حسن جہاں آرا کو محشر میں
خدا سے لوگ مانگیں گے تجھی کو حور کے بدلے
پس مردن اگر یارو میسر ہو تو رکھ دینا
کفن میں خاک کوئے دل ربا کافور کے بدلے
خدایا عشق بت میں اس قدر سختی اٹھائی ہے
کہ پہلو میں ہے اک پتھر دل رنجور کے بدلے
بڑھ گئی یہ گردش سر ناتواں چکر میں ہے (غزل)
بڑھ گئی یہ گردش سر ناتواں چکر میں ہے
اب زمیں چکر میں ہے یا آسماں چکر میں ہے
میں وہ بادہ نوش ہوں ساقی کہ مجھ کو دیکھ کر
غنچے حیرت میں ہیں اور پیر مغاں چکر میں ہے
آج ہے اس کی زباں پر کل زباں پر آپ کی
گردش قسمت سے میری داستاں چکر میں ہے
جو ہیں گویا بزم دشمن میں بھی وہ رکتی نہیں
بیچ میں بتیس دانتوں کے زباں چکر میں ہے
اب کہاں وہ سایۂ اشجار جس میں سر چھپائے
لوٹ کر گلزار کو باد خزاں چکر میں ہے
تیرہ دل کو سر چڑھا کر یہ ثمر حاصل ہوا
باڑھ آئی تیغ پر سنگ فساں چکر میں ہے
جو ہیں دانا پس رہے ہیں گردش ایام سے
آشیاں کی طرح سر پر آسماں چکر میں ہے
چھوڑنا گھر بار کا ہے موجب آوارگی
جسم بے جاں خاک میں روح رواں چکر میں ہے
گونجتے ہیں نالہ ہائے قیس کوہ و دشت میں
اب کدھر لے جائے ناقہ سارباں چکر میں ہے
حکم ہے آنے نا پائے اب صدائے سحر بھی
کس طرح روکے ہوا کو پاسباں چکر میں ہے