پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سراج منظر کاکوروی کی غزلیں — Siraj Manzar Kakorvi Ghazals

سراج منظر کاکوروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جانے کہاں کہاں سے ملاتے ہیں تار لوگ (غزل)

جانے کہاں کہاں سے ملاتے ہیں تار لوگ

مجھ کو بہت خراب بتاتے ہیں یار لوگ

کیوں دوسروں پہ تیر چلاتے ہیں طنز کے

پوچھوں گا گر ملے کہیں مجھ کو وہ چار لوگ

سگریٹ چرس افیم سے لے کر شراب تک

سب پی رہے ہیں عشق میں کچھ بے قرار لوگ

کیا پھر ہماری گردنوں کو کاٹا جائے گا

چھریوں پہ رکھ رہے ہیں بہت تیز دھار لوگ

پھر ان کو دیکھنے کو نگاہیں ترس گئیں

پیسے جو ہم سے لے کے گئے تھے ادھار لوگ

میری شکایتیں لیے بیٹھے الگ الگ (غزل)

میری شکایتیں لیے بیٹھے الگ الگ

فتنے دئے گئے کہیں فتوے الگ الگ

ماں باپ کی بڑھاپے میں خدمت نہ کر سکے

بیٹوں نے گھر بنا لئے اپنے الگ الگ

اب دونوں کس کو کوسیں کسے بد دعائیں دیں

گھر والوں نے ہی کر دئے رشتے الگ الگ

پنچھی بچھڑ کے اپنے سروں کو نہ پیٹتے

صیاد گر بناتا نہ پنجرے الگ الگ

بے روزگار باپ کی آنکھوں میں ایک دن

دیکھے تھے میں نے درد کے نقشے الگ الگ

منظرؔ مری غریبی نے یہ دن دکھا دئے

رہنے لگے ہیں دوست بھی مجھ سے الگ الگ

مزید غزلیں از سراج منظر کاکوروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں