پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سراج لکھنوی کی غزلیں — Siraj Lakhnavi Ghazals

سراج لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کافری میں بھی جو چاہت ہوگی (غزل)

کافری میں بھی جو چاہت ہوگی

کچھ تو ایماں کی شباہت ہوگی

حشر ہے وعدۂ فردا تیرا

آج کی رات قیامت ہوگی

پوچھا پھر ہوگی ملاقات کبھی

پھر مرے حال پہ شفقت ہوگی

کس صفائی سے دیا اس نے جواب

دیکھا جائے گا جو فرصت ہوگی

خاک آسودہ غریبوں کو نہ چھیڑ

ایک کروٹ میں قیامت ہوگی

آپ کے پاؤں کے نیچے دل ہے

اک ذرا آپ کو زحمت ہوگی

ہر نفس اتنی ہی لو دے گا سراجؔ

جتنی جس دل میں حرارت ہوگی

تجھے پا کے تجھ سے جدا ہو گئے ہم (غزل)

تجھے پا کے تجھ سے جدا ہو گئے ہم

کہاں کھو دیا تو نے کیا ہو گئے ہم

محبت میں اک سانحا ہو گئے ہم

ابھی تھے ابھی جانے کیا ہو گئے ہم

محبت تو خود حسن ہے حسن کیسا

یہ کس وہم میں مبتلا ہو گئے ہم

یہ کیا کر دیا انقلاب محبت

ذرا آئینہ لا یہ کیا ہو گئے ہم

حقیقت میں بندہ بھی بننا نہ آیا

سمجھتے ہیں دل میں خدا ہو گئے ہم

قیامت تھا تجھ سے نگاہوں کا ملنا

زمانے سے نا آشنا ہو گئے ہم

نہ راس آئیں آخر ہمیں ٹھنڈی سانسیں

عجب ساز تھے بے صدا ہو گئے ہم

تصور میں بل پڑ گئے ابروؤں پر

یہ کس بے وفا سے خفا ہو گئے ہم

گداز محبت ہمیں دل بنا دے

بس ایک آنچ اور آبلہ ہو گئے ہم

کبھی بزم ہستی کی رونق ہمیں تھے

سراجؔ اب بجھا سا دیا ہو گئے ہم

زمین ہند ہے اور آسمان آزادی (نظم)

زمین ہند ہے اور آسمان آزادی

یقین بن گیا اب تو گمان آزادی

سنو بلند ہوئی پھر اذان آزادی

سر نیاز ہے اور آستان آزادی

پہاڑ کٹ گیا نور سحر سے رات ملی

خدا کا شکر غلامی سے تو نجات ملی

ہوائے عیش و طرب بادبان بن کے چلی

زمیں وطن کی نیا آسمان بن کے چلی

نسیم صبح پھر ارجنؔ کا بان بن کے چلی

بہار ہند ترنگا نشان بن کے چلی

سپاہی دیش کا اپنے ہر اک جوان بنا

بل ابروؤں کا کڑکتی ہوئی کمان بنا

نظر نواز ہے رنگ بہار آزادی

ہر ایک ذرہ ہے آئینہ دار آزادی

ہے سر زمین وطن جلوہ زار آزادی

سروں کے ساتھ ہے اب تو وقار آزادی

کہاں ہیں آج وہ شمع وطن کے پروانے

بنے ہیں آج حقیقت انہیں کے افسانے

حجاب اٹھ گئے اب کس کی پردہ داری ہے

غضب کی دیدۂ نرگس میں ہوشیاری ہے

کلی نے مانگ بڑے حسن سے سنواری ہے

حسین پھولوں میں رنگ خود اختیاری ہے

کھٹک کہاں سے ہو اب دل میں کوئی پھانس بھی ہے

خدا کا شکر کہ مرضی کی اب تو سانس بھی ہے

زمین اپنی فضا اپنی آسمان اپنا

حکومت اپنی علم اپنا اور نشان اپنا

ہیں پھول اپنے چمن اپنے باغبان اپنا

اطاعت اپنی سر اپنا ہے آستان اپنا

جمال کعبہ نہیں یا جمال دیر نہیں

سب اپنے ہی نظر آتے ہیں کوئی غیر نہیں

مزید غزلیں از سراج لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں