پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سراج گلاؤٹھوی کی غزلیں — Siraj Gulaothwi Ghazals

سراج گلاؤٹھوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جسم کا جیسے جان سے رشتہ (غزل)

جسم کا جیسے جان سے رشتہ

میرا اردو زبان سے رشتہ

گل کا جو گلستان سے رشتہ

میرا ہندوستان سے رشتہ

اس کا ہے کل جہان سے رشتہ

جس کا امن و امان سے رشتہ

بھید کھلنے پہ ہوگی رسوائی

توڑ دے جھوٹی شان سے رشتہ

ان پروں کو سنبھال کر رکھنا

جو نباہیں اڑان سے رشتہ

حوصلوں نے بلندیاں پائیں

جڑ گیا جب چٹان سے رشتہ

وہ مجھے بھائی جیسے لگتے ہیں

جوڑتے ہیں جو مان سے رشتہ

توڑ بندھن سراجؔ سرحد کے

جوڑ سارے جہان سے رشتہ

چارہ گر اب نہ دے دوا مجھ کو (غزل)

چارہ گر اب نہ دے دوا مجھ کو

اب تو درکار ہے دعا مجھ کو

ساتھ جب ناخدا نے چھوڑ دیا

یاد آیا بہت خدا مجھ کو

موت لے لے گی اپنی باہوں میں

زندگی دے گی جب دغا مجھ کو

میں نے چلنا جسے سکھایا تھا

وہ بتاتا ہے راستہ مجھ کو

چار دن کی تھی زندگی یہ سراجؔ

چار دن نے رلا دیا مجھ کو

مزید غزلیں از سراج گلاؤٹھوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں