پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سپہ دار خان کی غزلیں — Sipahdar Khan Ghazals

سپہ دار خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم نے آ کر جہاں میں کیا دیکھا (غزل)

ہم نے آ کر جہاں میں کیا دیکھا

اس کی قدرت کو جا بجا دیکھا

اور دیکھا تو ہم نے کیا دیکھا

ہر طرف جلوۂ خدا دیکھا

جس گھڑی آپ کو فنا دیکھا

اس گھڑی خاص مدعا دیکھا

نفی اثبات کو کیا قائم

آپ سے پھر نہ حق جدا دیکھا

ذات پاک جناب احمد کو

مظہر نور کبریا دیکھا

ڈر نہیں نار کا مجھے ہرگز

میں نے حیدر سا پیشوا دیکھا

کوئی فارغ نہیں ہے دنیا میں

سبھی کو اس میں مبتلا دیکھا

جو کہ بے ہوش ہو کے بیٹھ رہے

ان کو ہشیار با خدا دیکھا

اے تصور میں تجھ پہ ہوں قربان

اپنے سینہ میں دل ربا دیکھا

کفر و اسلام ہو گئے واضح

زلف و رخ جبکہ یار کا دیکھا

چین دل کو نہیں ہے اے بیگنؔ

جب سے وہ روئے پر ضیا دیکھا

نشۂ عشق میں سرشار ہیں کس کے اس کے (غزل)

نشۂ عشق میں سرشار ہیں کس کے اس کے

منتظر آنے کے ہر بار ہیں کس کے اس کے

چارہ گر چارہ گری تیری نہ کام آئے گی

چشم بیمار کے بیمار ہیں کس کے اس کے

کام دوزخ سے نہیں اور نہیں جنت سے غرض

ہاں مگر طالب دیدار ہیں کس کے اس کے

وہ تو پردہ میں ہے صورت نہیں دکھلاتے ہیں

سینکڑوں پھرتے خریدار ہیں کس کے اس کے

کچھ تڑپتے ہیں سسکتے ہیں کئی ہیں بے ہوش

سب یہ جانباز طلب گار ہیں کس کے اس کے

مبتلا جرم میں ہم ہیں تو تجھے کیا زاہد

ہم خطا‌ وار گنہ گار ہیں کس کے اس کے

گو گنہ گار ہیں رحمت کا بھروسا کر کے

اب تو جاتے سر دربار ہیں کس کے اس کے

قید مذہب سے جو چھوٹے گئے آزاد اے شیخ

دام الفت میں گرفتار ہیں کس کے اس کے

اپنی قسمت کا گلہ کیجئے کس سے بیگنؔ

دور از سایۂ دیوار ہیں کس کے اس کے

مزید غزلیں از سپہ دار خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں