پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سکندر عرفان کی غزلیں — Sikandar Irfan Ghazals

سکندر عرفان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چند لمحوں کی زندگی ہے ابھی (غزل)

چند لمحوں کی زندگی ہے ابھی

ان چراغوں میں روشنی ہے ابھی

اپنی معصوم سی تمنا کے

خون سے اک غزل لکھی ہے ابھی

ایک مدت سے ہے شریک سفر

زندگی پھر بھی اجنبی ہے ابھی

خشک موسم کی دل لگی کے لئے

چشم گل کچھ تو شبنمی ہے ابھی

راکھ سے جسم میں کہیں نہ کہیں

ایک چنگاری سی دبی ہے ابھی

اپنی تہذیب کے کچلنے کو

منتظر بیسویں صدی ہے ابھی

دل کی ویران رہ گزاروں پر

کوئی آہٹ سی آ رہی ہے ابھی

سب تو عرفانؔ لٹ چکا لیکن

ایک سرمایۂ خودی ہے ابھی

اس شہر بے چراغ میں دو چار ہم ہی ہیں (غزل)

اس شہر بے چراغ میں دو چار ہم ہی ہیں

رہتے ہیں وہ جو صورت انوار ہم ہی ہیں

کچھ اس نظر سے لوگ ہمیں دیکھنے لگے

جیسے کہ آج صبح کا اخبار ہم ہی ہیں

کل تک تمہاری آنکھ کے تارے بھی ہم ہی تھے

اور آج ان میں چبھتے ہوئے خار ہم ہی ہیں

جو نا خدائے وقت تھے ساحل سے جا لگے

موجوں سے اب بھی برسر پیکار ہم ہی ہیں

قربانیاں ہماری کوئی دیکھتا نہیں

ان کی نظر میں آج بھی غدار ہم ہی ہیں

قائم ہے اس سے اپنی حدوں کا وقار آج

دونوں کے بیچ شیشہ کی دیوار ہم ہی ہیں

عرفانؔ ہم کو وقت نے پامال کر دیا

تہذیب نو کے دوستو معمار ہم ہی ہیں

ان دنوں میری زندگی (نظم)

ان دنوں میری زندگی

ایک ویرانہ تھی

جس میں تم نے پیار کے بے شمار گل کھلائے تھے

رفتہ رفتہ یہ ویرانہ

گلشن بن کر مہکنے لگا

ہر طرف شگفتہ تمناؤں کے پھول بکھرے تھے

کتنا نازاں تھا میں اپنے نصیب پر کہ

میری راہوں میں تمناؤں کے پھول ہیں مہکتی کلیاں ہیں

دامن میں سوغات ہے تمہارے پیار کی

مگر آج معلوم ہوا امید کا انجام

پھول کھل کر پژمردہ ضرور ہوتے ہیں

اور اب ان دنوں بھی

میری زندگی ایک ویرانہ ہے

یاس و حسرت کا موسم بکھرا پڑا ہے

تمناؤں کے لاشے بکھرے ہوئے ہیں

میرا دامن آنسوؤں سے پر ہے

میرے جذبے لہولہان ہیں

آغاز سے لے کر انجام تک

میرا تصور

دھواں دھواں ہے

مزید غزلیں از سکندر عرفان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں