صفر شرما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہت آواز دیں پر ایک بھی لوٹی نہیں شاید (غزل)
بہت آواز دیں پر ایک بھی لوٹی نہیں شاید
میں بہرا ہو گیا ہوں یا وہاں کوئی نہیں شاید
پھر اک دن تنگ آ گھر کے در و دیوار بول اٹھے
تمہارا مسئلہ کیا ہے تمہیں کچھ بھی نہیں شاید
کچھ اپنی ذات سے ہر روز گھٹتا جا رہا ہوں میں
میں ایسا روگ ہوں جس کی دوا ہے ہی نہیں شاید
تری مبہم سی صورت یاد کرنے کی مشقت میں
کئی تصویر ابھریں پر کوئی تجھ سی نہیں شاید
تمہارے پاس گھر جیسی کوئی پختہ جگہ تو ہے
مگر میرے لیے کچھ بھی نہیں میں بھی نہیں شاید
دکھائی دے رہا ہے سب مگر چھونے سے قاصر ہوں
مرے خوابوں میں سب کچھ ہے مگر مٹی نہیں شاید
سوچ کر کچھ سوالوں کو ہوش اڑ گئے (غزل)
سوچ کر کچھ سوالوں کو ہوش اڑ گئے
اور ساری کتابیں جلا دی گئیں
رنگ لاتی بھی گر خامشی جب تلک
اندرونی صدائیں بڑھا دی گئیں
مجھ کو نیندوں نے جب جب سہارے دیے
بیڑیاں کھینچ کر کھنکھنا دی گئیں
گر گئی میری جانب اٹھی ہر دعا
مشعلیں میرے گھر کی بجھا دی گئیں
میری تصویر میں راستے ہی نہ تھے
اور اوپر سے آنکھیں مٹا دی گئیں
مٹ گئے موت کی آرزو میں جنہیں
جیتے رہنے کی بھر بھر دعا دی گئیں