صفر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پورا لگتا ہے ہمیں خواب ہمارا ہوگا (غزل)
پورا لگتا ہے ہمیں خواب ہمارا ہوگا
ہم کو امید ہے کچھ ان کا اشارہ ہوگا
جن کے ہونٹوں پہ ہے قربان یہ ساری دنیا
ان کے ہونٹوں پہ کبھی نام ہمارا ہوگا
دیکھتے ہیں تجھے تو سوچتے ہیں ہم اکثر
چاند کو اس زمیں پہ کس نے اتارا ہوگا
جو یہ اٹھ جاتا ہوں میں رات کو آہیں بھر کر
سوچتا ہوں ترے بن کیسے گزارا ہوگا
تم بھی اک روز چلے آؤ کبھی راتوں میں
میری آنکھوں کو بھی خوابوں کا سہارا ہوگا
لے رہے ہم یار بوسے جام کے (غزل)
لے رہے ہم یار بوسے جام کے
ڈوبتے جاتے ہیں جانب شام کے
شوق میں ساقی رہے ہم مبتلا
کتنے غافل ہم رہے انجام کے
عشق نے مجھ کو لگایا کام پے
دن گئے ہیں میرے اب آرام کے
گن رہے ہم صبح تک یوں شام سے
کتنے عاشق ہیں تمہارے نام کے
پوچھتے ہو رات بھر ہم کیا کیے
خط جلائے ہیں تمہارے نام کے
ہم نہیں تو کوئی بھی کیسے پیے
کر دئے ہیں ٹکڑے ٹکڑے جام کے
سب کو ہم سے کچھ نہ کچھ امید تھی
کچھ نہ نکلے آدمی ہم کام کے