پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سدرہ سحر عمران کی غزلیں — Sidra Sahar Imran Ghazals

سدرہ سحر عمران کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ سرد دھوپ ریت سمندر کہاں گیا (غزل)

وہ سرد دھوپ ریت سمندر کہاں گیا

یادوں کے قافلے سے دسمبر کہاں گیا

کٹیا میں رہ رہا تھا کئی سال سے جو شخص

تھا عشق نام جس کا قلندر کہاں گیا

طوفان تھم گیا تھا ذرا دیر میں مگر

اب سوچتی ہوں دل سے گزر کر کہاں گیا

تیری گلی کی مجھ کو نشانی تھی یاد پر

دیوار تو وہیں ہے ترا در کہاں گیا

چائے کے تلخ گھونٹ سے اٹھتا ہوا غبار

وہ انتظار شام وہ منظر کہاں گیا

اس کی سیاہ رنگ سے نسبت عجیب تھی

وہ خوش لباس ہجر پہن کر کہاں گیا

رکھا نہیں تھا لوح محبت پہ آج پھول

کس بات پر خفا تھا مجاور کہاں گیا

اسباب ہست رہ میں لٹانا پڑا مجھے (غزل)

اسباب ہست رہ میں لٹانا پڑا مجھے

پھر خالی ہاتھ دہر سے جانا پڑا مجھے

سب لوگ تیرے شہر کے ماضی پرست تھے

مشکل سے حال میں انہیں لانا پڑا مجھے

پہلے بنائے آنکھ میں خوابوں کے مقبرے

پھر حسرتوں کو دل میں دبانا پڑا مجھے

مجھ کو تو خیر خانہ بدوشی ہی راس تھی

تیرے لیے مکان بنانا پڑا مجھے

کچھ اور جب رہا نہ ذریعہ معاش کا

کاندھوں پہ بار عشق اٹھانا پڑا مجھے

دنیا یہ گھومتی رہے پرکار کی طرح

اک دائرہ زمیں پہ بنانا پڑا مجھے

اک دن یہ جی میں آئی وہ آنکھیں ہی پھوڑ دوں

جن کے لیے عذاب اٹھانا پڑا مجھے

اپنے معاملے میں ہی شدت پسند تھی

اپنے لیے ہی جان سے جانا پڑا مجھے

میں اس آدمی کی زبان (نظم)

میں اس آدمی کی زبان

کاٹ دینا چاہتی ہوں

جس نے پہلی بار

پاؤں چاٹنے کی روایت قائم کی

میں اس لڑکی کے ہاتھ

قلم کرنا چاہتی ہوں

ایک مرد کے پیروں کو چھوا

اس ماں کو سنگسار کرنا چاہتی ہوں

جس نے بیٹی کے خواب پھاڑ کر

بیٹے کی کتابوں پر کور چڑھائے

اور بیٹی کو بدبو دار شوہر دیتے ہوئے

بیٹے سے آتی کوٹھے کی خوشبو

نظر انداز کر دی

اس باپ کو

کوڑے کے جلتے ہوئے ڈھیر میں

دبا دینا چاہتی ہوں

جس نے اپنے بستر میں

ایک کنواری لڑکی حاملہ کی

اور بیٹی کو

غیرت کی تیلی سے پھونک دیا

مزید غزلیں از سدرہ سحر عمران ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں