سکندر علی وجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ظلمت شب ہی سحر ہو جائے گی (غزل)
ظلمت شب ہی سحر ہو جائے گی
شدت غم چارہ گر ہو جائے گی
رونے والے یوں مصیبت پر نہ رو
زندگی اک درد سر ہو جائے گی
بعد تعمیر مکاں زنجیر غم
الفت دیوار و در ہو جائے گی
لا دلیل عشق و مستی درمیاں
ختم بحث خیر و شر ہو جائے گی
ذکر اپنا جا بجا اچھا نہیں
سب کہانی بے اثر ہو جائے گی
صبح راحت کے تصور کے طفیل
ہر شب غم مختصر ہو جائے گی
صرف و عزم آتشیں درکار ہے
عمر سرگرم سفر ہو جائے گی
آ رہا ہے انقلاب حشر خیز
زندگی زیر و زبر ہو جائے گی
بیابانوں پہ زندانوں پہ ویرانوں پہ کیا گزری (غزل)
بیابانوں پہ زندانوں پہ ویرانوں پہ کیا گزری
جہان ہوش میں آئے تو دیوانوں پہ کیا گزری
دکھاؤں تجھ کو منظر کیا گلوں کی پائمالی کا
چمن سے پوچھ لے نوخیز ارمانوں پہ کیا گزری
بہار آئے تو خود ہی لالہ و نرگس بتا دیں گے
خزاں کے دور میں دل کش گلستانوں پہ کیا گزری
نشان شمع محفل ہے نہ خاک اہل محفل ہے
سحر اب پوچھتی ہے رات پروانوں پہ کیا گزری
ہمارا ہی سفینہ تیرے طوفانوں کا باعث تھا
ہمارے ڈوبنے کے بعد طوفانوں پہ کیا گزری
میں اکثر سوچتا ہوں وجدؔ ان کی مہربانی سے
یہ کچھ گزری ہے اپنوں پر تو بیگانوں پہ کیا گزری
فضا جاں فزا ذرہ ذرہ حسیں ہے (نظم)
فضا جاں فزا ذرہ ذرہ حسیں ہے
حقیقت میں ملک دکن گل زمیں ہے
اگر مہر و الفت کی جنت کہیں ہے
تو بے شک یہیں ہے یہیں ہے یہیں ہے
زمانہ دل آزار ہے بھی تو کیا غم
مجھے تیری دل داریوں کا یقیں ہے
نفاست برستی ہے دیوار و در سے
تری خاک میں نکہت یاسمیں ہے
تری یاد یاد وطن سے ہے خوشتر
ترا ذکر تسکین قلب حزیں ہے
بہشت نظر مرغزار غزالاں
ہوا تیری موج مے و انگبیں ہے
بہت خوش نما شہر دیکھے ہیں میں نے
مگر تیرا جادو کہیں بھی نہیں ہے