پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صدیق مجیبی کی غزلیں — Siddique Mujibi Ghazals

صدیق مجیبی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آگ دیکھوں کبھی جلتا ہوا بستر دیکھوں (غزل)

آگ دیکھوں کبھی جلتا ہوا بستر دیکھوں

رات آئے تو یہیں خواب مکرر دیکھوں

ایک بے چین سمندر ہے مرے جسم میں قید

ٹوٹ جائے جو یہ دیوار تو منظر دیکھوں

رات گہری ہے بہت راز نہ دے گی اپنا

میں تو سورج بھی نہیں ہوں کہ اتر کر دیکھوں

خود پہ کیا بیت گئی اتنے دنوں میں تجھ بن

یہ بھی ہمت نہیں اب جھانک کے اندر دیکھوں

کوئی اس دور میں اعلان نبوت کرتا

آرزو تھی کہ خدا ساز پیمبر دیکھوں

ایک سناٹا ہوں پتھر کے جگر میں پیوست

میں کوئی بت تو نہیں ہوں کہ نکل کر دیکھوں

یوں نشے سے کبھی دو چار ترا غم ہو کہ میں

بند آنکھوں سے کھلی آنکھ کا منظر دیکھوں

اوڑھ کر خاک مجیبیؔ سنوں دشنام جہاں

یہ تماشا ہی کسی روز میاں کر دیکھوں

اس نے سوچا بھی نہیں تھا کبھی ایسا ہوگا (غزل)

اس نے سوچا بھی نہیں تھا کبھی ایسا ہوگا

دل ہی اصرار کرے گا کہ بچھڑنا ہوگا

کشتیاں ریت پہ بیٹھی ہیں امیدیں باندھے

ایسا لگتا ہے یہ صحرا کبھی دریا ہوگا

اک اداسی مری دہلیز پہ بیٹھی ہوگی

ایک جگنو مرے کمرے میں بھٹکتا ہوگا

تم نے وہ زخم دیا ہے مری تنہائی کو

جو نہ آسودۂ غم ہوگا نہ اچھا ہوگا

چاند جس رات نہ نکلا تو گماں گزرا ہے

وہ یقیناً ترے آنگن میں چمکتا ہوگا

اپنا سر کاٹ کے نیزے پہ اٹھائے رکھا

صرف یہ ضد کہ مرا سر ہے تو اونچا ہوگا

مزید غزلیں از صدیق مجیبی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں