پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سدھارتھ شکلا کی غزلیں — Siddhartha Shukla Ghazals

سدھارتھ شکلا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک تصور کی زمیں خوب ہری رہتی ہے (غزل)

اک تصور کی زمیں خوب ہری رہتی ہے

کیونکہ بینائیوں میں ایک ندی رہتی ہے

اس کے الفاظ اشاروں کی طرح ہوتے ہیں

اس کی ہر بات تو ہر سمت کھلی رہتی ہے

لوگ مانیں گے اسے اس کی نہیں مانیں گے

جس کی تصویر دواروں پہ ٹنگی رہتی ہے

یار یہ زخم کسی طور نہیں جاتا ہے

دل کی ہر وقت یہاں گود بھری رہتی ہے

میرے باہر کوئی لڑکا ہے بہت ہنستا ہے

میرے اندر کوئی عورت ہے دکھی رہتی ہے

شکستیں اور بھی تو ہیں کہانی میں ہماری (غزل)

شکستیں اور بھی تو ہیں کہانی میں ہماری

ترا ہی غم نہیں شامل اداسی میں ہماری

یہ کس کے نام کی مہندی ہمارے ہاتھ میں ہے

یہ کس کا غم اتر آیا ہتھیلی میں ہماری

اداس آنکھوں پہ کالا چشمہ ہم پہنے ہوئے ہیں

قرینہ آ گیا ہے بد حواسی میں ہماری

یہاں سے اب رہائی کی کوئی خواہش نہیں ہے

مزہ آنے لگا ہم کو اسیری میں ہماری

یہ کس کا غم نکھر کر آ گیا میری غزل میں

یہ کس کی ریت بہہ کر آئی ندی میں ہماری

تعلق بڑھ رہا ہے اور حقیقت کھل رہی ہے

محبت گھٹ رہی ہے آشنائی میں ہماری

مزید غزلیں از سدھارتھ شکلا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں