سدھارتھ سینی ساد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ان سے ملنے کا بہانا نہیں ملتا کوئی (غزل)
ان سے ملنے کا بہانا نہیں ملتا کوئی
دھوپ ہی ملتی ہے سایا نہیں ملتا کوئی
دل لبھانے کو بہت کھیل مگر ان کے پاس
میرے دل جیسا کھلونا نہیں ملتا کوئی
دو قدم چلتے ہی منزل ملی تم کو یارو
اور مجھ کو کبھی رستا نہیں ملتا کوئی
میں تو سب چھوڑ کے بھی پاس ترے آ جاؤں
تیری جانب سے اشارہ نہیں ملتا کوئی
لوگ جس وقت مجھے غور سے سنتے ہیں یار
مجھ کو اس وقت فسانہ نہیں ملتا کوئی
یاد آتی ہے بہت یار تری شام کے بعد (غزل)
یاد آتی ہے بہت یار تری شام کے بعد
اس لئے آنکھ میں رہتی ہے نمی شام کے بعد
چاند بھی آسماں سے اس کو اتر کر دیکھے
گھر سے باہر وہ اگر نکلے کبھی شام کے بعد
میں تو اس پودے کو پانی بھی نہیں دیتا کبھی
کیسے کھل جاتی ہے یہ غم کی کلی شام کے بعد
میرے سینہ سے لپٹ کر مرے غم روتے ہیں
دوست بن جاتی ہے تنہائی مری شام کے بعد
چاند بن کے تو کسی روز مرے گھر میں آ
گھر میں ہوتی ہے کمی روشنی کی شام کے بعد
زخم سب تازا ہوئے تیری جدائی کے کل
جب سنی ایک غزل درد بھری شام کے بعد
وصل محبوب کی امید میں تیزی سے چلیں
دھڑکنیں اور یہ دیوار گھڑی شام کے بعد
کچھ بھی تو زندگی میں صادؔ نہیں بدلا تری
صبح جو ہوتا ہے ہوتا ہے وہی شام کے بعد