سددھارتھ ساز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یوں بھی تمہارے شہر میں اب دل نہیں رہے (غزل)
یوں بھی تمہارے شہر میں اب دل نہیں رہے
جو تھے بھی اب وہ عشق کے قابل نہیں رہے
میں جن سے کھو گیا تھا مجھے ڈھونڈھتے نہیں
جو مجھ سے کھو گئے تھے مجھے مل نہیں رہے
کچھ تو ہماری سوچ سے اونچا نکل گیا
کچھ ہم بھی تیری دید کے قابل نہیں رہے
وہ آئنہ دکھا نہیں پایا تمہارا عکس
سو ہم اس آئنے کے مقابل نہیں رہے
تو بھی انا پرست ہے سو کھولتا نہیں
اور ہم بھی تیرے در سے کہیں ہل نہیں رہے
جن کی وجہ سے آج لگی آگ کون ہیں
وہ کون ہیں جو بھیڑ میں شامل نہیں رہے
ہم بھی تمہارے آخری ہم راہ تھے نہیں
تم بھی ہماری آخری منزل نہیں رہے
تجھ کو تو معلوم تھا میرے یار اداسی ہے (غزل)
تجھ کو تو معلوم تھا میرے یار اداسی ہے
تجھ سے ہی تو ہم کہتے تھے یار اداسی ہے
تیرے حصہ میں اول خوشیاں ہوں گی شاید
پر میرے حصہ میں پہلے یار اداسی ہے
میرے پاس نہیں ہے کوئی تیرے پاس ہوں میں
پھر تیری آنکھوں میں کیسے یار اداسی ہے
خود کو ہنستا جب بھی دیکھوں رو دیتا ہوں میں
چھائی اس درجے کی مجھ پہ یار اداسی ہے
جس کو گماں ہو میرے یوں بے بات ہی ہنسنے پہ
وہ میری آنکھوں میں دیکھے یار اداسی ہے
جو ساون ہوتے سوکھا اس پھول پہ لعنت ہو
مجھ پہ لعنت تیرے ہوتے یار اداسی ہے
تجھ کو ہنستا دیکھ کے ہی تو زندہ ہیں سب لوگ
تجھ سے کوئی کیسے کہہ دے یار اداسی ہے
اسی اداسی نے خوش نظری کی دی ہے سوغات
دیکھو تو کہنے کو ویسے یار اداسی ہے